وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے حسن آباد ہنزہ کا دورہ کیا، جہاں ضلعی انتظامیہ نے انہیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر عمائدین نے اپنے مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں، جبکہ حکومت کی جانب سے ریہبلیٹیشن کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، حاجی گلبر خان نے اس موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت متاثرین کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم ایک دیرپا اور مؤثر حل کی جانب قدم بڑھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے ایک مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس طرح کی قدرتی آفات سے نمٹا جا سکے۔ جی بی ڈی ایم اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرین کی بحالی کو یقینی بنائے اور ان کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ تباہ شدہ گھروں کی بحالی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ واٹر چینلز کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پانی کی نکاسی کا مسئلہ جلد حل ہو سکے۔عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ متاثرین کی بحالی جلد از جلد مکمل ہو۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل اور حکومتی اداروں کے ذریعے اس مشکل وقت میں عوام کی ہر ممکن مدد کرے گی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، حاجی گلبر خان نے گنیش ہنزہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنش تاریخی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل علاقہ ہے، اور یہاں کے لوگ ہمیشہ سے اپنی مہمان نوازی کے لیے مشہور ہیں۔وزیر اعلیٰ نے گنیش میں واٹر سپلائی کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دورہ ہنزہ کے موقع پر عوام نے ہنزہ گریٹر واٹر سپلائی منصوبے کی بات کی تھی جس پر وفاقی حکومت سے اس منصوبے کی افادیت کے بارے میں بات کی اور اس منصوبے کے ٹینڈر کو یقینی بنایا اور اب میں خود اس منصوبے کو مانیٹر کروں گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ گنش کے عوام کو پانی کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آئے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا یہاں کا تعلیمی ریشو بہت بلند ہے، جو علاقے کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ گنش کی تعلیمی حالت اس وقت گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں سب سے بہتر ہے۔انہوں نے کہا ہنزہ میں خواندگی بہتر ہونے کے باوجود تعمیر و ترقی میں نظر انداز رہا ہے۔ ہماری ترجیح ہے کہ ھنزہ میں تعمیر و ترقی کے سفر کو تیز کیا جائے جس کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں،اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر، دلشاد بانو اور معاون خصوصی برائے اطلاعات، ایمان شاہ نے بھی خطاب کیا اور گنش میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنی توقعات کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب کے دوران یقین دلایا کہ گنش کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور علاقے کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔اس موقع پر گنش کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ اور کابینہ کو روایتی تحائف پیش کیے۔






