*پنجاب میں عوامی تحفظ کے لیے فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کا بڑا منصوبہ*

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کا ایک بڑا اور جامع منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تمام اضلاع میں فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کے مقامات کا تعین مکمل کر لیا گیا ہے اور فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ اہم مارکیٹس، کمرشل مراکز، مصروف بازاروں اور کمرشل ہبز میں جدید فائر سیفٹی نظام کے تحت فائر ہائیڈرینٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ آتشزدگی کے واقعات میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے اور جانی و مالی نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے فائر ہائیڈرینٹس کو چوری اور نقصان سے بچانے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی جی واسا پنجاب نے فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب سے متعلق جامع بریفنگ دی، جبکہ متعلقہ مارکیٹ کمیٹیوں کو تمام فائر ہائیڈرینٹس کی سیکیورٹی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت صوبہ بھر میں 1150 سے زائد فائر ہائیڈرینٹس نصب کیے جائیں گے، جن کا استعمال پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کرے گی۔فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کا یہ منصوبہ یکم مارچ تک مکمل کرنے کا پلان مرتب کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق فائر سیفٹی انفراسٹرکچر کی تکمیل سے ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button