وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کاجناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 55ویں سالانہ میڈیکل سمپوزیم سے خطاب

صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے عوام کو معیاری اور جدید علاج و معالجے کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کر رہی ہے، صوبے میں دل کے امراض، کینسر کے علاج، لنگس ٹرانسپلانٹ، بائی پاس سرجری اور انجیو پلاسٹی جیسی مہنگی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک منفرد مثال ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 55ویں سالانہ میڈیکل سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمپوزیم میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی، اراکین صوبائی اسمبلی آصف موسیٰ، حیدر عمرانی، سینئر ڈاکٹرز، نامور سرجنز، طبی ماہرین اور ملک بھر سے آئے ہوئے معالجین نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کے صحت سے متعلق منصوبوں سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کے عوام استفادہ حاصل کر رہے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جدید طبی آلات، ادویات اور تربیت یافتہ عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سالانہ میڈیکل سمپوزیم جیسے علمی و تحقیقی پروگرامز طبی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جہاں ماہرین جدید تحقیق، تجربات اور علاج کے نئے طریقوں پر تبادلہ خیال کرتے ہیں جس کا براہ راست فائدہ مریضوں تک پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سینئر ڈاکٹرز اور سرجنز کی سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد کے لیے ہر وقت تیار ہے تاکہ صحت کے نظام کو مزید مضبوط، مؤثر اور عوام دوست بنایا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق سندھ حکومت بلا تفریق رنگ و نسل عوام کو علاج کی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔ انہوں نے جی پی ایم سی کی انتظامیہ، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے عوامی خدمت کا روشن استعارہ ہیں اور حکومت ان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button