*وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا پشاور پجگہی روڈ پر واقع پناہ گاہ کا اچانک دورہ*

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور پجگہی روڈ پر واقع پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی وزیراعلٰی کے ہمراہ موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و احوال دریافت کیے، پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پناہ گاہ کے مکینوں کے ساتھ دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ اس موقع پر وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں 10 فعال پناہ گاہیں عوام کو سہولت فراہم کر رہی ہیں جبکہ 11ویں افتتاحی مرحلے میں ہے، صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ضرورت کے مطابق نئی پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔

پشاور میں مزید پناہ گاہوں کی ضرورت ہے، مقیم افراد کا مطالبہ، خواتین کے لیے علیحدہ پناہ گاہ قائم کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔ پناہ گاہ میں رہائش پذیر افراد نے وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنائیں۔وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہوں کے لیے تمام درکار فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ یہ عمران خان کا وژن ہے، جس کے تحت عام آدمی کو بنیادی سہولیات تک رسائی دی جا رہی ہے۔ فنڈز کی کمی کو اس عوامی فلاحی منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، نگران دورِ حکومت میں بند کیے گئے فنڈز کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔وزیر اعلٰی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پناہ گاہوں میں مسافروں، تیمارداروں اور مزدوروں کو مفت قیام و طعام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button