پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ماہانہ صفائی فیس اور ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔جس کی باقاعدہ منظوری وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت 26 جولائی کو منعقدہ اجلاس میں دی گئی تھی۔ماہانہ صفائی فیس کے جاری کردہ ٹیرف کے مطابق دیہی اور شہری علاقوں میں 300 روپے سے 10 ہزار روپے تک فیس مقرر کی گئی ہے یہ مکمل ٹیرف اس طرح ہے

اس سے قبل صوبائی کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقی کے چوتھے اجلاس منعقدہ 21 مئی 2024 کو تجاویز منظور کی گئی تھیں۔
مصدقہ معلومات کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں کی آؤٹ سورسنگ کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے رواں مالی سال ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو 184.780بلین روپے کے علاوہ 10 میٹریل ریکوری سہولیات و 5 لینڈ فل سائٹس کے لئے ڈھائی ارب روپے اور ماحول دوست فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے لئے 10 ارب روپے جاری کئے جائیں گے۔

ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو نچلی سطح پر مواثر اور بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔صفائی مہم کو تیز کرنے اور جاری رکھنے اور معاونت کے لئے شہری یونین کونسلز میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔دیہی یونین کونسلوں میں اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹیوں سے استفادہ کیا جا سکے گا۔پنجاب کے بلدیاتی اداروں سے یومیہ اجرت پر سینٹری ورکرز اور کرائے پر مشینری کی تفصیلات مانگی گئی ہیں ۔ستھرا پنجاب پروگرام کی گائیڈ لائنز میں آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن اور کھلے میں ہولز کو کور کرنے کا ٹاسک بھی شامل ہے۔کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سربراہان، بلدیاتی اداروں کے چیف افسران،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اے ڈی ایل جی حضرات کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔





