وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن و امان اور سکیورٹی کی بہتری کیلئے اقدامات اورمختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کی زیر صدارت جمعے کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان اور سکیورٹی کی بہتری کیلئے اقدامات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن وامان و سکیورٹی کی بہتری کے اقدامات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پلاننگ اور پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف مقامات پر داخلی دروازوں کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اسلام آباد شہر کے مختلف داخلی راستوں کے اطراف حفاظتی باڑ کا کام تیزی سے جاری ہے۔سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے سکیورٹی کے مختلف سول کاموں کی جلد تکمیل کیلئے آئی سی ٹی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کیساتھ ملکر یقینی بنائیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے انفراسٹرکچر میں جدت کیساتھ ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ پر ورکنگ جاری ہے۔ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ کا مقصد شہر کی مرکزی شاہراؤں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور آمد و رفت کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔سیکٹریری داخلہ محمد خرم آغا نے ہدایت کی کہ کشمیر چوک منصوبہ کی تکمیل کیساتھ بیوٹیفکشن پلان بھی ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی لینڈ سکیپنگ، ماحول دوست شجر کاری اور فائونٹینز کی تنصیب کا پلان تیار کیا جائے۔اجلاس میں الیونتھ ایونیو کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ الیونتھ ایونیو روڈ منصوبہ ایران ایونیو کو سرینگر ہائی وے اور آئی جے پی روڈ سے منسلک کریگا۔ یہ منصوبہ مستقبل میں شہر کے اہم ترین ٹریفک کوریڈورز میں شامل ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے میں سروس روڈ ایسٹ کا منصوبہ پر بھی ورکنگ جاری یے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے میں تقریباً 9.5 کلومیٹر طویل سڑک فیض آباد سے گلبرگ تک تعمیر کی جائیگی۔ اس منصوبے سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور مستقبل کی ٹریفک کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسی طرح مارگلہ ایونیو کو موٹر وے M-1 سے لنک کرنے کے منصوبہ پر ورکنگ جاری ہے۔ یہ لنک روڈ قومی شاہراہ (این-5) کو موٹروے (ایم-1) سے براہ راست ملائیگی اور اس منصوبے کے تحت 2.7 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائیگی۔ اس منصوبے کیلئے کنٹریکٹرز کو موبالائز کیا جا رہا یے اور جلد ہی گراؤنڈ بریکنگ اور عملی کام کا آغاز کیا جائیگا۔مزید برآں، اجلاس کو بتایا گیا کہ اتاترک ایونیو منصوبہ بھی سی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے جسمیں آغا خان روڈ اور جناح ایونیو کو اتاترک ایونیو کے زریعے جدید انداز میں مربوط کیا جارہا ہے۔ اس منصوبے میں اتاترک ایونیو کے کراس سیکشن کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جاسکے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے میں اعلیٰ معیار کے حامل سائیکل ٹریکس بھی تعمیر کیا جائینگے۔سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے ان تمام منصوبوں کی PAK-EPA سے انوائرمنٹ اسسمنٹ سٹڈی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے کے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کیساتھ اسسٹنٹ کمشنرز بھی ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے انتظامیہ ان تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کیساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی پر عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک جدید، منظم اور بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button