پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے70 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 87 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی. اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔ اجلاس میں جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع بہاولپور میں کیتا المارہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیےایک ارب روپے کے فنڈز مختلف شہروں جن میں تحصیل لیاقت پور، رجھان، علی پور، تونسہ شریف ،شجاع اباد ، نورپور، بہاول نگر، بھوانہ، دریا خان، کوٹ مومن خیرپور ٹامیوالی، پاکپتن ،کہرور پکا، احمد پور سیال اور نورپور تھل شامل ہیں میں لوکل گورنمنٹ کی سکیموں کے لیے 39 ارب کے فنڈز کی منظوری، فیصل آباد،سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژنز میں پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی کے لیے 41 ارب کے فنڈز کی منظوری شامل ہے اس فنڈز سے ان ڈویژنز میں بس ڈپو کی تعمیر، بس شیلٹرز، فلیگ پوسٹ اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں بھکر ، گجرات اور نوشہراں ورکاں میں سیوریج ،ڈرینج اور پی سی سی وغیرہ کے لیے 4 ارب کے فنڈز اور نصرانہ ڈسٹی میں سائیڈ پروٹیکشن اور بحالی کے لیے 2 ارب کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں ایگری کلچرل فارم میکائزیشن پراجیکٹ 28-2025 کے پوزیشن پیپر اور سٹریٹیجک پلاننگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ کے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی ، چیف اکانومسٹ، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے ۔





