آئندہ مالی سال اس انقلابی منصوبے کے لئے مزید فنڈز مختص کئے جائیں گے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی پی کا جائزہ اجلاس

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی 51 شہروں میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ تعمیراتی کاموں کیلئے 46 سکشن، 45 جیٹنگ مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں۔ 77 ڈی سلٹنگ مشینیں جبکہ 100 ڈی واٹرنگ سیٹ بھی بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وہ لوکل گورنمنٹ بورڈ آفس میں ایک اجلاس کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے جس میں "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی شفافیت پالیسی کے تحت مختلف ٹینڈرز میں اب تک 28 ارب کی بچت کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں انڈرگرائونڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ انشااللہ موسم برسات سے پہلے زیادہ سے زیادہ زیر زمین ٹینکس بنا لئے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ 198 ٹینکس میں 63 ملین گیلن برساتی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ پی ڈی پی کے تحت 220 کلومیٹر سٹارم واٹر ڈرینز بنائیں گے۔ 51 شہروں میں 3500 کلومیٹر طویل سیور کی بحالی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں لائننگ پائپس کے استعمال سے 250 کلومیٹر نئے سیور بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں اس انقلابی منصوبے کیلئے مزید فنڈ مختص کئے جائیں گے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ اربن فلڈنگ کی روک تھام میں ڈسپوزل سٹیشن کا اہم کردار ہوتا ہے۔ مریم نواز کے سوہنا پنجاب پروگرام میں 61 ڈسپوزل سٹیشنز بحال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں 56 نئے ڈسپوزل سٹیشن بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ تمام ڈسپوزل سٹیشن پہلی بار شمسی توانائی پر منتقل کئے جا رہے ہیں جس سے بجلی کے بلوں کی بچت ہوگی۔وزیر بلدیات نے ترقیاتی سکیموں میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کو معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کیلئے جامع ماسٹر پلاننگ کی مدد لی جا رہی ہے۔ اگلے مرحلے میں مزید شہروں کو پی ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button