چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نےسرگودھا کا دورہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، آر پی او شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنرز سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری، ڈپٹی کمشنر خوشاب اور بھکر سمیت ایم ڈی واسا، ایم ڈی ستھرا پنجاب اٹھارٹی، ایس ایز ہائی ویز، بلڈنگز، سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کی رفتار حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے ضلع میں جاری ترقیاتی پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام ، سٹی ڈویلپمنٹ پیکج، لوکل گورنمنٹ سکیموں اور روڈ و نان روڈ منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ مزید برآں آئندہ مالی سال کے لیے مجوزہ سرگودھا سٹی پیکج کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ ایم ڈی واسا نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت سرگودھا شہر کے سیوریج مسائل کے حل کے لیے جاری میگا پراجیکٹ پر بریفنگ دی اور بتایا کہ فیز ون اور فیز ٹو پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے اجلاس میں تجویز پیش کی کہ تحصیل سلانوالی، بھیرہ، بھلوال اور ساہیوال کے ساتھ ساتھ کوٹ مومن اور شاہپور کو بھی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر خوشاب نے بھی اپنے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں ، سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ اور آئندہ منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔بعد ازاں چیف سیکرٹری نے سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کا دورہ کیا اور موقع پر کام کا جائزہ لیا۔ ایکسین ہائی ویز گلفام اعوان نے پراجیکٹ کی پیش رفت اور ٹائم لائیز بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری سے تاجروں نے ملاقات بھی کی جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ خوش آئند ہے۔قبل ازیں چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے درخت لگانے کی اہمیت پر زور دیا۔





