مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورپر تفصیلی تبادلہ خیال

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی دو سالہ کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال دور قرار دیکر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب میں پہلی بار اضلاع اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسیں چلانے کے وزیر اعلی مریم نواز شریف کے اقدام کی بھرپور ستائش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیکر ملک محمد احمد خان کی پنجاب اسمبلی کے لیے خدمات کا اعتراف کیااور زبردست تعریف کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے سپیکر کے اقدامات انتہائی شاندار ہیں۔ بہترین قانون سازی اور ایوان کو انتہائی احسن اور مدبرانہ انداز میں چلانے پرسپیکر ملک محمد احمد خان کا کردار قابلِ فخر ہے۔ ہمارا واحد ہدف پنجاب کے ہر شہری تک ریلیف پہنچانا اور صوبے کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت کا جو سفر ہم نے شروع کیا ہے، اس کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پہلی بار وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ”ستھرا پنجاب“سے شہریوں کو صفائی اور بہترین ماحول کا آئینی حق فراہم کیا۔ ”ستھرا پنجاب“ اور”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام کو بین الاقوامی پزیرائی ملنا پنجاب کے لیے قابلِ فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی پرفارمنس صرف باتوں تک نہیں، زمین پر بولتی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں تیز ترین رسپانس اور گڈ گورننس کا ایک مثالی ماڈل قائم کر دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی امنگوں کا ترجمان اور صوبے کی ترقی کا سنگِ میل ثابت ہوگا۔ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات تاریخی ہیں۔ سپیکرملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ پنجاب میں خواتین کا خود کو محفوظ سمجھنا اور نوجوانوں کا مستقبل سے پُرامید ہونا مریم نواز شریف کی بڑی کامیابی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف دن رات عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں سرگرم عمل نظر آتی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button