*سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کا ننکانہ صاحب میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کا دورہ، معیار اور بروقت تکمیل پر خصوصی زور*

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ننکانہ نے منصوبوں کی موجودہ پیش رفت پر بریفنگ دی جبکہ سی ای او ننکانہ عامر بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

انہیں بتایا گیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 89 کلومیٹر نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ 2.5 کلومیٹر طوفانی پانی کی نکاسی کے نظام کی تعمیر بھی جاری ہے تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو نکاسیٔ آب کے بہتر انتظامات میسر آ سکیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت ایک نئے ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر اور دو موجودہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی بحالی کا کام جاری ہے، جبکہ 16 کلومیٹر سڑکوں کی بحالی بھی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مکمل کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے زیر تعمیر پارکس کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی بہتر صحت، تفریح اور ماحول دوست وژن کے تحت گرین ایریاز اور پارکس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور شہریوں، راہگیروں اور فیلڈ عملے کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پہلے مرحلے کے تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں پائیدار ترقی، جدید شہری انفراسٹرکچر اور ماحول دوست منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو بہتر سیوریج، نکاسیٔ آب، سڑکوں اور گرین ایریاز کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری اور پائیدار شہری سہولیات میسر آ سکیں۔

جواب دیں

Back to top button