وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور خانیوال سمیت6اضلاع میں الیکٹرک بس کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام اضلاع اور تحصیلوں میں الیکٹرک بسوں کی تعداد کو بڑھا کر 5 ہزار تک لے جائیں گے۔ پنجاب کے ہر شہر میں بلا تفریق جدید ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے عوام کو پہلی بار جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت میسر آئی ہے۔یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ اور جدید طرز کی گرین بسیں ہیں، جو عوام کو باعزت سفر فراہم کر رہی ہیں۔ پنجاب کے 6 اضلاع میں الیکٹرک بس کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کہا کہ الحمدللہ! آج پنجاب کے مزید اضلاع میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔ اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور خانیوال سمیت مزید 6 شہروں میں جدید بسیں الیکٹرک بسیں چل پڑی ہیں۔ الیکٹرک بسوں کی مانگ بہت زیادہ ہے، صرف بیس روپے میں شہری جہاں چاہیں سفر کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مری کے شمالی علاقوں سے لے کر جنوبی اور وسطی پنجاب تک الیکٹرک بس سروس کا دائرہ پھیل چکا ہے۔ اب اس سہولت کو تحصیلوں کی سطح تک بھی مرحلہ وار بڑھایا جا رہا ہے۔ عوام کو باعزت سفری سہولت ملنے سے لوگ خوشی سے اپنے کام، سکول اور کالجز جا رہے ہیں۔ خواتین بڑی تعداد میں الیکٹرک بس سروس سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اسی سال تقریباً 1500 مزید بسیں شامل ہوں گی، جس سے مجموعی تعداد 3 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ جہاں جہاں مزید بسوں کی ضرورت ہے، وہاں فوری طور پر نئی بسیں فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب کی 147 تحصیلوں تک یہ سہولت پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں، عوام اطمینان رکھیں۔ کم سے کم کرائے میں بہترین سفری سہولت دینا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ پنجاب ملک کا واحد صوبہ بن چکا ہے جس نے عوام کو سستی، معیاری اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آج جتنی خوشی مجھے عوام کو یہ سہولت دیتے ہوئے ہو رہی ہے، شاید اس سے زیادہ کبھی نہیں ہوئی۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور پوری ٹیم کو ان کی انتھک محنت پر شاباش دیتی ہوں۔ انشاء اللہ، عوامی خدمت کا یہ سفر اسی جذبے کے ساتھ آگے بھی جاری رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button