صفائی نظام کی آئوٹ سورسنگ کا عمل اختتامی مراحل پر پہنچ گیا، پائلٹ پراجیکٹ میں ہر تحصیل کو ایک یونٹ کا درجہ دیا گیا ہے، ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے صفائی کا نظام آئوٹ سورس کرنے کا عمل اختتامی مراحل پر پہنچ چکا ہے۔ صفائی کے پائلٹ پراجیکٹ میں ہر تحصیل کو ایک یونٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں صفائی کا یکساں نظام رائج کرنا وزیراعلی مریم نواز کا ویژن ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کی 8 ڈویژنوں میں صفائی کا کام جلد آئوٹ سورس ہو جائیگا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب میں صفائی کے نظام کی آئوٹ سورسنگ کے منصوبے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے صوبائی وزیر کو اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلی بار دیہات کو صفائی کے اہداف میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ چونکہ یہ ایک نیا تجربہ ہے اس لئے تکنیکی پہلوئوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ آئوٹ سورسنگ سسٹم کا مطلب شہریوں کو صفائی کی اس تحریک میں براہ راست شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف عوام کے تعاون کے ذریعے صفائی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ وزیر بلدیات نے تمام سی ای اوز کو آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر نگرانی دنیا کے کامیاب سسٹمز کا مطالعہ کر کے پنجاب میں صفائی کا پائلٹ پراجیکٹ لا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کوڑا اکٹھا کرنے سے زیادہ اس کی محفوظ ویسٹ ڈمپنگ زیادہ بڑا چیلنج ہے۔ اس کا خاص خیال رکھیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ صفائی کے نئے سسٹم میں محفوظ لینڈ فل سائٹس بنائی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے مقرر کردہ اہداف حاصل کئے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ جو نجی کمپنیاں شارٹ لسٹ ہوں ان کے وسائل کی تفصیل مہیا کی جائے۔ تمام سی ای اوز باقاعدگی کے ساتھ ڈیش بورڈ پر اپ ڈیٹ لوڈ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button