ریسکیو 1122 میں جدید فائر ٹینڈرز حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ اور مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ریسکیو 1122 کے حوالے 35 جدید فائر ٹینڈرز کر دیے گئے،
جو محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے خریدے گئے ہیں اور سندھ کے مختلف اضلاع کی میونسپل کارپوریشنز اور یونین کمیٹیوں کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ فائر ایمرجنسی سمیت دیگر ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ محکمہ بلدیات سندھ نے ریسکیو اور فائر ایمرجنسی سروسز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید فائر ٹینڈرز خریدے ہیں، جنہیں مرحلہ وار سندھ کے مختلف اضلاع اور یونین کمیٹیوں کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کو فراہم کیے گئے 35 جدید فائر ٹینڈرز سے شہری علاقوں میں فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور آتشزدگی کے واقعات میں بروقت ریسپانس ممکن ہو سکے گا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں ریسکیو اور فائر سروسز کو جدید سہولیات اور ضروری مشینری سے آراستہ کیا جا رہا ہے، حکومت سندھ کا مقصد شہریوں کو ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ریسکیو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ مزید جدید فائر ٹینڈرز بھی آ رہے ہیں جنہیں سندھ کے تمام اضلاع میں ضرورت اور ترجیح کے مطابق تقسیم کیا جائے گا، جبکہ تمام یونین کمیٹیوں کو بھی فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فائر ٹینڈرز کی فراہمی سے مقامی سطح پر فائر ایمرجنسی سروسز کا ردعمل مزید تیز ہوگا اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر بہتر انتظامات ممکن ہوں گے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید مشینری، فائر فائٹنگ آلات اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس کے لیے جدید وسائل کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کو جدید فائر ٹینڈرز کی فراہمی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری امداد کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے، سندھ کے تمام اضلاع میں فائر ایمرجنسی سروسز کو مرحلہ وار مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 کو جدید فائر ٹینڈرز کی فراہمی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کے لیے اہم قدم ہے، جدید گاڑیوں اور آلات کی دستیابی سے فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ریسکیو 1122 کے نظام کو مزید فعال، مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، حکومت کی ترجیح ہے کہ شہریوں کو کسی بھی حادثے، آتشزدگی یا دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانس فراہم کیا جا سکے۔ گیانچند ایسرانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اسی مقصد کے تحت ریسکیو سروسز کو جدید مشینری اور ضروری وسائل سے مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائر ٹینڈرز کی مقامی سطح پر دستیابی سے ہنگامی صورتحال میں قیمتی وقت بچانے اور فوری کارروائی کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ تمام یونین کمیٹیوں تک فائر ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کو نچلی سطح پر بہتر ریسکیو سروسز میسر آئیں گی۔ تقریب میں متعلقہ افسران اور ریسکیو 1122 کے حکام بھی موجود تھے۔






