وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی فلاح اور ماحول کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نے منظوری کے تمام اہم مراحل طے کر لیے ہیں اور منصوبے کی ایکنیک سے منظوری دے دی گئی ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق لاہور کی تاریخ میں پہلی بار بابو صابو کے مقام پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت سیوریج کے پانی کو جدید طریقہ کار کے ذریعے صاف کیا جائے گا، جس کے بعد ٹریٹ شدہ پانی دریائے راوی میں ڈالا جائے گا۔ترجمان کے مطابق بابو صابو کے مقام پر 836 ایکڑ رقبے پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا، جس کی مجموعی لاگت 56 ارب روپے ہے۔ منصوبہ فرانس کے ڈونر ادارے ایجنسی فرانس ڈی ڈویلپمنٹ (AFD) کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے بتایا کہ منصوبے کی مجموعی استعداد 88 ملین گیلن یومیہ ہوگی، جس سے لاہور کے سیوریج پانی کو صاف کرنے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ترجمان کے مطابق لاہور کا سیوریج مکمل طور پر صاف کرنے کے لیے مجموعی طور پر 6 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس درکار ہیں۔ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اس سمت میں ایک اہم قدم ہے، جو شہر کے آبی وسائل کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی کے تدارک اور پائیدار شہری ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صاف و محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے جدید اور پائیدار منصوبوں پر عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔






