سیکرٹری بلدیات پنجاب زید بن مقصود نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کا دورہ کیا، جہاں انہیں بورڈ کے انتظامی، مالی اور سروس معاملات، لوکل گورنمنٹ سروس، افسران و ملازمین کے امور اور بھرتیوں سے متعلق پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ احمر سہیل کیفی نے بورڈ کے امور سے متعلق بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر فنانس عبدالغفار وینس نے مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ پیش کیا۔پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کا 3 ارب 22 کروڑ روپے کا سالانہ بجٹ منظور کیا گیا۔ بجٹ میں ریوائزڈ پے اسکیلز 2026 اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026 کے تحت سکیل 1 تا 22 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 3.5 فیصد اضافہ بھی منظور کیا گیا۔ پنشنری واجبات کی ادائیگی کے لیے 1 ارب 50 کروڑ روپے، ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 75 کروڑ 30 لاکھ روپے اور فوت شدہ ملازمین کے لواحقین کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔لوکل گورنمنٹ سروس سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات کو بتایا گیا کہ 271 افسران و اہلکاروں کی بھرتی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ 2024-26 کے دوران 76 افسران و اہلکاروں کو ترقی دی گئی۔ افسران و اہلکاروں کی تربیت، ترقی اور سروس ریگولرائزیشن سے متعلق اقدامات پر بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود نے خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل مزید تیز کرنے اور دستیاب ہیومن ریسورس کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بورڈ کی استعداد کار بڑھانے اور افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔زید بن مقصود نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بورڈ کے انتظامی اور مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنشن سمیت مالی معاملات کو پائیدار بنیادوں پر چلانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سروس کی بہتری، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ اور عوامی خدمت کے نظام کو مضبوط بنانا ترجیح ہے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایڈمن محمد ارشد بیگ، سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ احمر سہیل کیفی، ڈائریکٹر فنانس عبدالغفار وینس سمیت محکمہ خزانہ، محکمہ ریگولیشن اور محکمہ قانون کے نمائندگان نے شرکت کی۔






