میئر کراچی نے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں 860 ملین روپے لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں 860 ملین روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے، صنعتکار اور کے ایم سی کے افسران بھی موجود تھے. میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے صنعتی علاقوں کے لیے 9.5 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے، جس میں سے 860 ملین روپے فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے لیے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت عملی کام کا آغاز آج سے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور صنعتکاروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں ترقیاتی کام صنعتکاروں اور شہریوں کے لیے اہم پیش رفت ہیں۔ صنعتی علاقوں کی ترقی سے نہ صرف یہاں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ کراچی کی معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ کراچی کے صنعتی علاقوں میں بنیادی شہری سہولیات، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے منتخب نمائندے، صنعتکار اور بلدیاتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ حکومت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے تعاون سے شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، فیڈرل بی ایریا کے صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور علاقے کی مزید ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صنعتکاروں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا صنعتی علاقے میں ترقیاتی کاموں کے لیے تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں بنیادی سہولیات مزید بہتر ہوں گی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،فیڈرل بی ایریا صنعتی زون کے نمائندوں کے مطابق علاقے میں چھوٹی، بڑی اور کاٹیج انڈسٹری موجود ہے جبکہ 50 فیصد سے زائد صنعتیں برآمدات سے متعلق ہیں، اس لیے یہاں بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے صنعتی اور برآمدی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی. میئر کراچی نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا اور صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 31 دسمبر 2026 تک ترقیاتی کام مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مئیر کراچی نے فائر بریگیڈ کی بحالی کے حوالے سے بھی اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں فائر بریگیڈ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے 7 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس رقم سے فائر ٹینڈرز کو جدید بنایا جائے گا جبکہ خراب فائر ٹینڈرز کی مرمت کرکے انہیں دوبارہ سڑکوں پر لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کے پاس 60 فائر ٹینڈرز موجود ہیں، جن میں سے بعض کی مرمت کا کام جاری ہے اور مزید فائر ٹینڈرز جلد شہریوں کی خدمت کے لیے سڑکوں پر لائے جائیں گے۔ میئر کراچی نے پانی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا مسئلہ صرف کراچی نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، تاہم صنعتی علاقوں کے لیے متبادل پانی کا ذریعہ قائم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے ہارون آباد گٹر باغیچہ میں صنعتی واٹر پارک منصوبے کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے ابتدائی طور پر 3 کروڑ گیلن پانی دستیاب ہوگا، جس کی فراہمی کو بعد ازاں 3 کروڑ گیلن سے بڑھا کر 10 کروڑ گیلن تک لے جانے کا ہدف ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ صنعتی علاقوں کی ترقی، فائر بریگیڈ کی بحالی اور متبادل پانی کے منصوبوں پر عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی واٹر پارک منصوبے کا افتتاح چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button