*کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے توسیعی منصوبے کا افتتاح*

مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کی انتظامیہ،ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر بھی موجود تھے. منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گردوں کے مریضوں کو علاج اور ڈائیلاسز کی سہولت ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف گنجان علاقوں میں سیٹلائٹ ڈائیلاسز مراکز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تین سے چار گنجان علاقوں کی نشاندہی کی جائے جہاں پہلے مرحلے میں سیٹلائٹ ڈائیلاسز مراکز قائم کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بنارس کے علاقے میں پل کے نیچے سیٹلائٹ مرکز قائم کرنے کی تجویز پر بھی کام کیا جائے، جبکہ لانڈھی اور ملیر کی جانب بھی مناسب مقامات کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ مئیر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں بھی اگر سیٹلائٹ ڈائیلاسز مرکز قائم کرنے کے لیے جگہ درکار ہو تو باقاعدہ تجویز پیش کی جائے، کے ایم سی ہر ممکن تعاون اور جگہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی مقام پر تمام سہولیات فراہم کرنے کے بجائے مختلف علاقوں میں مراکز قائم کرنے سے مریضوں کے لیے علاج تک رسائی آسان ہوگی اور شہریوں کو طویل سفر کی مشکلات سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گردوں کے مریضوں کی خدمت ایک اہم انسانی اور فلاحی کام ہے، اس شعبے میں کام کرنے والے اداروں اور افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مئیر کراچی نے کہا کہ نوجوانوں میں عوام اور معاشرے کی خدمت کا جذبہ قابل تحسین ہے، اللہ تعالیٰ انہیں صحت اور لمبی زندگی عطا فرمائے تاکہ وہ مزید لوگوں کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے ساتھ کام کرنے والے تمام رضاکاروں کو کے ایم سی آنے کی دعوت دی جائے تاکہ ان سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کے ایم سی اس فلاحی کام میں شراکت دار ہے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر کام کریں گے تاکہ اللہ کی مخلوق کی بہتر انداز میں خدمت کی جاسکے، انہوں نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کی انتظامیہ اور منتظمین کو عوامی خدمت کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

جواب دیں

Back to top button