*نادرا کی جانب سے پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی خصوصی سہولت*

غیررجسٹرڈ خواتین کے لئے نادرا کی جانب سے پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی خصوصی سہولت ،18 سال سے زائد عمر کی جو خواتین پیدائش سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے باعث شناختی کارڈ نہیں بنوا سکیں، چند دیگر شرائط پوری کرنے پر اس رعایت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔شادی شدہ خواتین جن کے پاس یونین کونسل سے جاری شدہ کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ موجود ہے اور والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بنا ہوا ہے وہ نکاح نامہ اور بائیومیٹرک تصدیق کے لئے شناختی کارڈ کے حامل والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کے ہمراہ نادرا مرکز تشریف لائیں ۔ اگر والد، والدہ یا شوہر فوت ہو چکے ہیں لیکن ان کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہےتو نادرا دفتر میں چند سوالات کے تسلی بخش جواب دینے پر درخواست جمع کر لی جائے گی ۔

18 سال سے زائد عمر کی غیرشادی شدہ خواتین کے لئے شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔24 سال سے زائد عمر کے جن مرد حضرات نے ابھی تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا اور ان کے والد یا والدہ اور کسی ایک بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بنا ہوا ہے وہ شناختی کارڈ کے حامل والد یا والدہ کے ہمراہ تشریف لائیں۔ اگر والدین فوت ہو چکے ہیں تو شناختی کارڈ کے حامل بھائی یا بہن کے ہمراہ نادرا دفتر تشریف لائیں۔نوٹ:شناختی کارڈ پر آپ کی طرف سے دئیے گئے کوائف کے مطابق والدین کی تفصیلات، درخواست دہندہ کی تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش کا اندراج کیا جائے گا اور اس میں تاحیات تبدیلی نہیں کی جائے گی۔نادرا کی جانب سے پیدائش سرٹیفکیٹ پر یہ رعایت 31 دسمبر 2026 تک کے لئے دی گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button