*ڈی سی لاہورکی صدارت میں انسداد پولیو کا جائزہ اجلاس*

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی صدارت میں سات روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فیلڈ کارکردگی، ڈور ٹو ڈور کوریج اور انتظامی اہداف کا جامع جائزہ لیا گیا۔ ڈی سی آفس میں منعقدہ اس اہم جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز عبداللہ خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، تمام ڈی ڈی ایچ اوز اور بین الاقوامی مبصرین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو مہم کے پہلے روز کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع لاہور میں مہم کے پہلے روز 4 لاکھ 83 ہزار 572 بچوں کے انتظامی ہدف کے مقابلے میں 4 لاکھ 54 ہزار 629 بچوں کو کامیابی سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جس سے پہلے ہی روز کیچ اپ اور مانیٹرنگ کے ساتھ کوریج کی شرح انتہائی تسلی بخش رہی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پہلے روز کے لیے مقرر کردہ 3 لاکھ 29 ہزار 921 گھروں کے ہدف میں سے 2 لاکھ 97 ہزار 787 گھروں کی ڈور ٹو ڈور کوریج مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈور ٹو ڈور ٹیموں کی مانیٹرنگ کے دوران ریکارڈ کیے گئے غیر موجود یعنی ناٹ ایویلیبل 91 ہزار 703 بچوں میں سے 54 ہزار 716 بچوں کو اسی روز کے اندر ڈور ٹو ڈور جا کر پولیو کے قطرے پلا دیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ 36 ہزار 987 بچوں کو کوریج کے اگلے دنوں میں کور کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔ مہم کے دوران سامنے آنے والے انکار کے کیسز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کل ریکارڈ کیے گئے 70 انکار والے کیسز میں سے انتظامی ٹیموں اور فیلڈ ورکرز کی مؤثر کمیونیکیشن اور باہمی بات چیت کے نتیجے میں 67 انکار والے کیسز کو فوری طور پر کور کر لیا گیا ہے اور انہیں مطمئن کر کے بچوں کو قطرے پلا دیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ صرف 3 کیسز خالصتاً میڈیکل انکار کے ہیں جن پر طبی ضوابط کے مطابق عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں موجود بین الاقوامی مبصرین نے لاہور میں پولیو فیلڈ ورکرز، نگران افسران اور ضلعی انتظامیہ کی جرات مندانہ کاوشوں، شفاف مائیکرو پلاننگ اور مؤثر فیلڈ سپروائزری کی بھرپور تعریف کی اور فیلڈ ورکرز کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ہیلتھ افسران کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ ناٹ ایویلیبل اور ریفیوزل کیسز کی سو فیصد کوریج کے لیے روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور فیلڈ ٹیموں کی مکمل رہنمائی کی جائے تاکہ ضلع لاہور کو پولیو فری بنانے کا حتمی ہدف حاصل کیا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button