*وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی 77ویں قومی دن پر چین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد*

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ پر چین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور چین کی دوستی کو باہمی اعتماد، خودمختار مساوات اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت پر مبنی دیرپا شراکت داری قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے یہ بات عوامی جمہوریہ چین کے قائم مقام قونصل جنرل کراچی فینگ دہینگ کی جانب سے چین کے قومی دن کے موقع پر دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ چین نے عزم، جدت اور تزویراتی وژن کے ذریعے جدید تاریخ میں ترقی کی کامیابی کی ایک قابل ذکر مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا، عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ قائم کیا، سائنس اور ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما بن کر ابھرا اور بین الاقوامی اقتصادی ترقی کا ایک بڑا محرک بن گیا۔وزیراعلیٰ نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی جدیدکاری، اعلیٰ معیار کی ترقی اور انسانیت کے لیے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کے قیام کے وژن پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی تبدیلی، تکنیکی ترقی، ماحول دوست ترقی اور سماجی پیش رفت میں چین کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور ان کامیابیوں نے خوشحالی اور پائیدار ترقی کے خواہاں ترقی پذیر ممالک کو بھی تحریک دی ہے۔مراد علی شاہ نے عالمی امن، ترقی اور بین الاقوامی تعاون میں چین کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مذاکرات، باہمی احترام، کثیرالجہتی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون پر چین کا زور مختلف ممالک کے درمیان تعمیری روابط کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ چین کے عالمی ترقیاتی اقدام، عالمی سلامتی کے اقدام اور عالمی تہذیبی اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں جامع ترقی، اجتماعی سلامتی، ثقافتی تفہیم اور زیادہ منصفانہ عالمی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی کسوٹی پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ہمارے دونوں ممالک مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے اور ایک دوسرے کی کامیابیوں پر خوشی مناتے آئے ہیں، یہ دیرپا دوستی دونوں ملکوں کے عوام کے لیے باعث فخر اور علاقائی تعاون و استحکام کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے دوطرفہ تعلقات میں ایک تبدیلی لانے والا پہلو شامل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر رابطوں، توانائی کے منصوبوں، صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ذریعے سی پیک نے پاکستان کے معاشی منظرنامے اور ترقی کے امکانات میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا اقتصادی اور تجارتی مرکز ہونے کے باعث سندھ پاکستان اور چین کے تعاون میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توانائی، بندرگاہوں اور لاجسٹکس، صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، شہری بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چینی اداروں اور کاروباری اداروں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت قابل تجدید توانائی، اسمارٹ شہری ترقی، زرعی جدیدکاری، فنی تربیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور صنعتی جدت کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں سندھ اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کو ٹھوس فوائد پہنچانے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اپنے ملک کی ترقی، معاشی پیش رفت اور علاقائی استحکام کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوتے رہیں گے اور تعاون اور عوامی روابط کو مزید گہرا کرنے کے لیے اضافی کوششوں پر زور دیا۔وزیراعلیٰ نے ایک بار پھر چین کے قومی دن پر چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی اور چین کے لیے مسلسل امن، ترقی، خوشحالی اور کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔تقریب کا آغاز چین اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔ قائم مقام قونصل جنرل فینگ دہینگ نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔ تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی تقریب سے ہوا۔

جواب دیں

Back to top button