وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی میں جاری صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور اضلاع میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، تعمیراتی و دیگر ملبے کی مکمل صفائی، غیر قانونی ڈمپنگ کی روک تھام اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے صفائی آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی صرف کراچی تک محدود نہ رہے بلکہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور اضلاع میں مربوط اور مستقل بنیادوں پر صفائی کا نظام مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول اور بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیر بلدیات سندھ نے یہ ہدایات کراچی میں جاری صفائی آپریشن، سینیٹری انجینئرڈ لینڈ فل سائٹس اور جدید گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز (GTS) کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر وسیم شمشاد، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فواد غفار سومرو اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فواد غفار سومرو نے وزیر بلدیات کو کراچی میں جاری صفائی آپریشن، کچرے کی منتقلی، لینڈ فل سائٹس، جدید جی ٹی ایس اور مستقبل کے ویسٹ مینجمنٹ نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں صفائی کی صورتحال میں بہتری نظر آ رہی ہے اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے صفائی کے حوالے سے اچھا کام کیا جا رہا ہے، تاہم صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ بلدیاتی اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت آن بورڈ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں خصوصی صفائی مہم شروع کی جائے اور اس دوران معمول کے کچرے کے ساتھ سڑکوں، گلیوں، خالی پلاٹوں اور دیگر مقامات پر موجود تعمیراتی ملبہ بھی مکمل طور پر صاف کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ایک مرتبہ مکمل صفائی کے بعد دوبارہ تعمیراتی ملبہ پھینکے جانے کی روک تھام کے لیے مستقل اور مؤثر میکنزم تشکیل دیا جائے اور اس میں تمام متعلقہ اداروں کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات، سڑکوں اور خالی پلاٹوں پر غیر قانونی طور پر ملبہ پھینکنے والے افراد اور عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کچرا اور تعمیراتی ملبہ غیر قانونی طور پر پھینکنے والے متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کرائی جا چکی ہیں جبکہ لینڈ فل سائٹ پر رات کے اوقات میں بھی افسران کی ڈیوٹیاں مقرر کی گئی ہیں، جس کے باعث کچرے کی آمد و رفت اور آپریشن کی نگرانی مزید مؤثر ہوئی ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے ہدایت کی کہ صفائی آپریشن کا دائرہ کار مرحلہ وار سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور اضلاع تک بڑھایا جائے اور ہر علاقے کی ضروریات کے مطابق مؤثر ویسٹ مینجمنٹ پلان تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں صفائی کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے وہاں فوری اقدامات کیے جائیں، کچرے کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو صاف ماحول کے ساتھ دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فواد غفار سومرو نے بتایا کہ شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں صفائی آپریشن کے حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈی آخری مراحل میں ہے جبکہ لینڈ فل سائٹس کے قیام کے لیے مختلف علاقوں کا سروے بھی جاری ہے۔ ضروری انتظامات مکمل ہوتے ہی دونوں اضلاع میں صفائی آپریشن شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ صوبے میں ایک پائیدار ویسٹ مینجمنٹ ماڈل تشکیل دے رہا ہے جس میں ری سائیکلنگ پلانٹس، قابلِ استعمال مواد کی بازیابی اور کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے امکانات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ اخراجات میں کمی اور کچرے کو دوبارہ کارآمد بنانے کے امکانات پیدا کرنا ہے۔ اجلاس میں جدید گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز، لینڈ فل سائٹس، کچرے کی منتقلی، صفائی آپریشن کی نگرانی اور مستقبل کے پائیدار ویسٹ مینجمنٹ نظام سے متعلق مختلف امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے اقدامات کو محض عارضی مہم تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مستقل نگرانی، بروقت کچرا اٹھانے، تعمیراتی ملبے کی صفائی اور غیر قانونی ڈمپنگ کے خلاف کارروائی کے ذریعے صوبے کے شہری و ضلعی علاقوں میں صفائی کا معیار برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو بہتر، صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
Read Next
20 گھنٹے ago
*وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی 77ویں قومی دن پر چین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد*
2 دن ago
متعلقہ علاقوں سے تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار بچوں کو اسکولوں میں داخل کرایا جائے،وزیراعلٰی سندھ
3 دن ago
*وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ایک وفد کی ملاقات*
4 دن ago
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سےنابینا طالب علم ہنس راج کی ملاقات،کراچی انٹر بورڈ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کی
4 دن ago






