وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی کا اہم اجلاس،تمام ضلعی ایجنسیز کی کارکردگی کا جائزہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی آفس میں ایک اجلاس کے دوران تمام ضلعی ایجنسیز کی کارکردگی اور دیگر انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود اور ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے بھی شرکت کی۔ پنجاب بھر کی ضلعی ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہر ماہ ایجنسیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں اینٹی لٹرنگ انسپیکشنز میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے۔ اینٹی لٹرنگ سکواڈز کے ایک ماہ میں 22 ہزار 466 وزٹس کے دوران 2121 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ آگاہی مہم کے باوجود گندگی پھیلانے پر جرمانے کئے جائیں گے۔

لاہور میں اینٹی لٹرنگ مہم میں سیف سٹی نیٹ ورک سے بھی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کے لوڈر رکشوں میں ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب کا آغاز ہوگیا ہے جس سے مانیٹرنگ میں مزید بہتری آئے گی۔ ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے پیش کردہ بیٹ پلان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی ٹی بی ویسٹ انکلوژرز اور عارضی کولیکشن پوائنٹس کی ٹریکنگ پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے کہا کہ لوڈر رکشوں کی ہر بیٹ کے اندر مقررہ گھنٹے موجودگی اور مائیلج پوری کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی کرنے پر کارروائی کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز کے دوروں کی ہفتہ وار رپورٹ پورٹل پر اپ لوڈ ہو رہی ہے۔ اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن میں آن لائن انوائسز کا آغاز ہو گیا۔ باقی اضلاع میں بھی آن لائن انوائسز کا آغاز جلد ہو جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button