*وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کراچی ایڈونٹسٹ اسپتال کا دورہ*

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی ایڈونٹسٹ اسپتال کا دورہ کیا، جہاں اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی و صحت کی سہولیات، خصوصاً نومولود بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں اور پیدائشی نابینائی کے علاج کے حوالے سے شروع کیے جانے والے نئے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سینیٹر لال دین، ڈاکٹر بُچ پلل میرو اور جانسن فضل نے وزیر بلدیات کا استقبال کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے سید ناصر حسین شاہ کو بتایا کہ نومولود بچوں میں آنکھوں کی مختلف بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے، جبکہ نئے منصوبے کا مقصد بچوں میں بینائی کے مسائل اور نابینائی کی روک تھام اور علاج کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت آنکھوں کے مسائل کے علاج اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی ایڈونٹسٹ اسپتال کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تعاون سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومولود بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں اور نابینائی کے علاج کے لیے اسپتال کی جانب سے شروع کیا جانے والا منصوبہ ایک اہم عوامی خدمت ہے، ایسے فلاحی منصوبوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے بچوں کی آنکھوں کے علاج کے لیے اسپتال کو عطیات اور تعاون فراہم کرنے والی شخصیات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات اور نجی اداروں کا صحت کے شعبے میں حکومت کے ساتھ تعاون عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر صحت سندھ کی جانب سے بھی اسپتال کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ سندھ میں عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم صحت کے مؤثر نیٹ ورک کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن اور قومی ادارہ برائے امراض قلب جیسے اداروں کے کامیاب طریقہ کار سے مزید مربوط کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو بلاامتیاز علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں بچوں کی آنکھوں کی بیماریوں اور نابینائی کے علاج کے لیے سہولت کی فراہمی ایک خوش آئند اقدام ہے اور اس نوعیت کی سہولیات کا دائرہ کار صوبے کے دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جانا چاہیے۔ سید ناصر حسین شاہ نے اس امر پر زور دیا کہ بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج سے مستقبل میں بینائی کے مستقل نقصان کے امکانات کم کیے جا سکتے ہیں، اس لیے ایسے منصوبوں میں حکومتی، نجی اور فلاحی اداروں کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فلاحی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button