ستھرا پنجاب پروگرام کو ڈیجیٹائز کرنے کیلئے معاہدے پر دستخط، "زندگی جے ایس بینک” ستھرا پنجاب کی ایپ بلامعاوضہ تیار، سروے بھی کرے گا

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” پروگرام کی کامیابی کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت جے ایس بینک کا آئی ٹی پلیٹ فارم "زندگی” اس پروگرام کی ڈیجیٹائزیشن کرے گا۔ اس ضمن میں پنجاب کی 8 ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور "زندگی” کے درمیان ایم او یوز پر دستخط کئے گئے ہیں۔ ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او نے اپنے ادارے جبکہ زندگی کی جانب سے چیف بزنس آفیسر عاطف اسحاق نے زندگی کی جانب سے دستخط کئے۔ ایم او یوز کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق تھے۔ سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل، سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بابر صاحب دین اور سی ای او زندگی نعمان اظہر نے بھی شرکت کی۔

معاہدے کے تحت "زندگی جے ایس بینک” ستھرا پنجاب کی ایپ بلامعاوضہ تیار کرے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہا محکمانہ اور دیگر امور کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی ضرورت ہے۔ مجھے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور زندگی کے درمیان ہونے والے ایم او یوز پر بہت خوشی ہوئی۔ جس کے تحت "زندگی” پورے پنجاب میں آئوٹ سورسنگ کے حوالے سے سروے جیسا مشکل کام کرے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلی مریم نواز شریف کا فوکس ہے۔ زندگی کی تیار کردہ ایپ منفرد فیچرز کی حامل ہوگی جس کے ذریعے پنجاب میں صفائی کے عمل کی نہ صرف مانیٹرنگ ہوسکے گی بلکہ شہری آن لائن فیس جمع کراسکیں گے اور فیڈ بیک بھی دے سکتے ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ صفائی کی آئوٹ سورسنگ کے پروگرام سے روزگار کے ایک لاکھ کے قریب نئے مواقع پیدا ہونگے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلی مریم نواز شریف عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ صرف 6 ماہ کے اندر ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے میں پیشرفت چھوٹی کامیابی نہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ دنیا کیش ادائیگی سے دور ہو رہی ہے۔ پنجاب کو بھی ڈیجیٹائز کرنا ہوگا۔ ڈیجیٹل پیمنٹ آسان اور شفاف ہوتی ہے۔ "زندگی جے ایس بینک” کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے وزیراعلی کے ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا ہے۔ اس موقع پر سی ای او زندگی نعمان اظہر نے وزیراعلی، وزیر بلدیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سپیشل سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو فیس کولیکشن کیلئے سافٹ وئیر بنا کر دیں گے۔ اس کے علاوہ بھی آئی ٹی سے متعلق جو تعاون درکار ہوگا وہ فراہم کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button