حضرت داتا گنج بخشؒ کے981 ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح ڈپٹی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری،ایم پی اے میاں مرغوب احمد،ایس ایم بی آر نبیل جاوید،سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھواور ڈپٹی کمشنرلاہور سیّد موسیٰ رضا کے ہمراہ رسمِ چادر پوشی سے کیا۔ افتتاحی تقر یب میں ڈپٹی ڈائریکٹرز اوقاف آصف اعجاز، حافظ محمد یوسف، چوہدری طاہر احمد، ایاز حبیب، ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا ؒ دربارشاہد حمید ورک، پی ایس او ٹو سیکرٹری اوقاف زاہد اقبال، منیجر ان اوقاف داتا ؒدربار شیخ محمد جمیل،طاہر مقصود، محمد ناصر اور امور مذہبیہ کمیٹی کے ممبران سمیت ملک بھر کے معروف قرأ،نعت خواں حضرات نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔ خطیب داتاؒ دربا ر مفتی محمد رمضان سیالو ی نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، ملک وقوم کی فلاح کے لیے دعائے خیر کی۔رسم چادر پوشی کے بعد ڈپٹی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے سبیل دودھ کا فتتاح، مسجد کے صحن میں حرمِ نبوی کی طرز پر ہائیڈرولک اور آٹو میٹک چھتریوں کی تنصیب کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اورحضرت داتا گنج بخشؒ کے علمی اور روحانی فیوض و برکات کی ترویج و تبلیغ کیلئے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی تصنیف ” معارفِ سیرت”، ڈاکٹر ظفر اقبال نوری کی تصنیف”تسہیل ِ کشف المحجوب(جلد دوم)” اور ” کشف المحجوب ” کے چھٹے ایڈیشن کی رونمائی بھی کی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر داتاؒ دربار عرس انتظامات گزشتہ سالوں سے زیادہ موثر اور بہتربنانے کے لیے، سیکیورٹی، صفائی، تقسیم لنگر، مشروبات، سبیل پانی، ٹریفک مینجمنٹ، فوڈ اتھارٹی، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا، کارپوریشن,ریسکیو1122،، واپڈا، سوئی گیس، فور ل پروف سیکیورٹی کے لیے چار ہزار رضا کار اپنی اپنی ڈیوٹی الرٹ، بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی، سی سی ٹی وی کیمرہ جات اورمیڈیکل کیمپس کی تنصیب، ٹریفک کا متبادل انتظام، سکیورٹی گارڈ اور عملہ صفائی کی تعداد میں اضافہ، لنگر لانے کیلئے شٹل سروس کا بندوبست، عارضی پی ٹی سی ایل کنکشن، پارکنگ کا بندوبست، سیوریج سسٹم کی بحالی سمیت دیگر امور کو بر وقت یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ادارہ جات کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ مزید یہ کہ سالانہ عرس مبارک کی یہ تقریبات تین روز تک جاری رہیں گے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ناراضی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی۔
حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آج ایک نئے منصوبے کا افتتاح ہوا ہے، مدینہ منورہ کی طرز پر خودکار طریقے سے کھلنے والی چھتریاں بنائی جائیں گی، اللہ تعالیٰ ہم گنہگاروں کے ہاتھوں سے منصوبہ مکمل کرائے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کلمہ شریف کے نام پر بنا تھا، اللہ تعالیٰ اس ملک کی حفاظت روز قیامت تک کریں گے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا گیا، یہ ملک میزائلی قوت بھی بن چکا ہے، اب اس ملک کو معاشی قوت بنانا ہے۔ڈپٹی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2017 میں سیاسی عدم استحکام نہ ہوتا تو ملک معاشی قوت بن چکا ہوتا، جی 20 کی طرف جانے والا ملک گرکر 47 ویں معیشت بن گیا، 2018 کے بعد مہنگائی کا طوفان ہے، بجلی کی قیمت آسمان پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا، وزیر اعظم کی قیادت اور میاں نواز شریف کی رہنمائی میں دن رات کوششیں ہو رہی ہیں کہ عوامی مسائل کو حل کیا جا سکے، معیشت کو ترقی دی جائے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ناراضی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی، وفاق، چاروں صوبے، کشمیر اور گلگت بلتستان ایک گلدستے کی مانند ہیں، قانون اپنا راستہ اپنا رہاہے اور 9 مئی کے ذمہ داروں کو سزائیں ملیں گی۔