پشاور ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت لینڈ یوز پلان اور عمارتوں کی تعمیر سے متعلق قوانین (LUBCA) پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت، تعمیرات کی منظوری، نقشوں کی جانچ پڑتال، شہری سہولیات اور عمارتوں کی حفاظت سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں ہاؤسنگ سکیموں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی اور ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان سکیموں کی قانونی حیثیت اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں LUBCA کو بھی شامل کیا جائے اور زرعی زمینوں کو غیر قانونی طور پر رہائشی سکیموں میں تبدیل کرنے کے عمل کو روکا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زرعی اراضی کے تحفظ اور زمین کے غیر قانونی استعمال کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اجلاس میں زمینوں کی ملکیت اور قانونی حیثیت کی تصدیق کے لیے زیر التواء کیسز فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنرز کو پابند کیا گیا کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ ہر ہفتے اجلاس منعقد کرکے ان معاملات میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔تمام ہاؤسنگ سکیموں کے منظور شدہ نقشوں، تعمیر شدہ مکانات اور ترقیاتی منصوبوں کی جانچ پڑتال کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ جن سکیموں کے ترقیاتی نقشے موجود نہیں، ان کے مالکان کو ایک ماہ کے اندر نقشے تیار کرکے متعلقہ اداروں میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ منظور شدہ نقشوں کے خلاف تعمیرات کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہاؤسنگ سکیموں میں صفائی، سیوریج، نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے نظام کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ رہائشی علاقوں میں صفائی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔خطرناک عمارتوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔ متعلقہ اداروں کو ایک ماہ کے اندر ایسی عمارتوں کی نشاندہی، معائنہ اور انہیں قانونی طور پر خطرناک قرار دینے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس لیے خطرناک عمارتوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں، جن میں ضرورت پڑنے پر عمارتوں کو گرانا بھی شامل ہے۔اجلاس میں غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کارروائی، غیر قانونی تعمیرات فوری رکوانے اور متعلقہ اجازت نامے حاصل ہونے تک تعمیراتی سرگرمیاں بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ مسلسل خلاف ورزی کرنے والی سکیموں کو سیل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ مزید برآں، کسی بھی ہاؤسنگ سکیم کو منظوری دینے سے پہلے تمام متعلقہ محکموں سے ضروری اجازت نامے حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیموں اور عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، غیر معیاری تعمیرات اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے محفوظ رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون سے غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ PDA، LUBCA، PKHA، ٹی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائیوں کو مؤثر بنایا جائے، اقدامات پر باقاعدگی سے عملدرآمد کی رپورٹس مرتب کی جائیں اور سرکاری فرائض میں غفلت یا احکامات پر عملدرآمد میں تاخیر کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اگلا اجلاس 28 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور جاری اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button