پنجاب میں تمام میونسپل خدمات کیلئے اتھارٹی بنانے کا جائزہ ،نچلی سطح تک معیاری میونسپل خدمات کی فراہمی کا موثر نظام ہونا چاہیئے، ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران تمام میونسپل خدمات کی ایک فورم سے فراہمی یقینی بنانے کیلئے اتھارٹی بنانے پر غور کیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خرم خان ورک، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مجوزہ پنجاب واٹر سپلائی، سیوریج، سینی ٹیشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو ایم اے) کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی۔ پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو ایم اے بنانے کا مقصد شہریوں کیلئے سہولیات میں بہتری لانا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے میونسپل خدمات میں ڈپلی کیشن ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسی تناظر میں اتھارٹی بنانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو کے قیام کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف چاہتی ہیں عوام کے لئے ہر شعبے میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا ہوں۔ اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ نچلی سطح تک معیاری میونسپل خدمات کی فراہمی کا موثر نظام ہونا چاہیئے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہری خدمات کے واضح تعین کیلئے محکموں کی ڈپلی کیشن ختم کرنا ہوگی۔ صوبائی سطح پر اتھارٹی قائم ہونے سے کئی پیچیدگیوں کا خاتمہ ہو سکے گا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری بلدیات خرم خان ورک نے کہا کہ تمام پہلوﺅں کا جائزہ لے کر تجاویز وزیراعلی کو بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ قانون سازی سے پہلے مزید غور ضروری ہے تاہم یہ کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button