وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ بیریسٹر سلطان محمود باجوہ نے واسا ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا، جہاں ایم ڈی واسا غفران احمد اور سی ای او آب پاک زاہد عزیز نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ بیریسٹر سلطان محمود باجوہ نے اجلاس کی صدارت کی، جس میں واسا لاہور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے اجلاس کے دوران واسا کے جاری میگا پراجیکٹس، کار واش ری سائیکلنگ پلانٹس، وضو کے پانی کی بچت اور گرین ٹیپس جیسے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔پارلیمانی سیکرٹری بیریسٹر سلطان محمود باجوہ نے پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کے مؤثر تحفظ کے حوالے سے ہدایات دیں اور واسا کے ماسٹر پلان، ڈیجیٹل کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، رین ڈیش بورڈ، ریونیو، وہیکل ٹریکنگ سسٹم اور سکاڈا سسٹم پر بریفنگ حاصل کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو بہترین خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لیے زیر زمین واٹر ٹینکس کے منصوبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں کشمیر روڈ، لارنس گارڈن، شیرانوالہ گیٹ اور قذافی اسٹیڈیم کے منصوبے شامل ہیں۔واسا لاہور رواں سال مزید 9 زیر زمین واٹر ٹینکس تعمیر کرے گا۔ اجلاس میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور مون سون کنٹرول روم کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 100 فیصد واٹر میٹرنگ منصوبے پر بھی گفتگو ہوئی۔ پارلیمانی سیکرٹری بیریسٹر سلطان محمود باجوہ نے زیر زمین واٹر ٹینکس اور دیگر منصوبوں کو سراہا اور مون سون کنٹرول روم، کیوسک مشین اور ڈیش بورڈ کی ورکنگ کا معائنہ کیا۔بیریسٹر باجوہ نے شکایات کے از خود اندراج اور سسٹم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے واسا کے مون سون کیمپس کی لائیو مانیٹرنگ اور رین ڈیش بورڈ کی مانیٹرنگ بھی کی۔اس کے علاؤہ آب پاک کے سی ای او سید زاہد عزیز نے آب پاک کے حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ بیریسٹر سلطان محمود باجوہ کو بریفنگ دی ۔آب پاک نے پنجاب بھر میں جاری منصوبوں کے متعلق آگاہ کیا ۔آب پاک کے 970 مراکز آب اور پورٹیبل کنٹینر فلٹریشن پلانٹس پر تفصیلی بریفنگ دی، جنہیں کسی بھی ایمرجنسی یا سیلاب زدہ علاقوں میں فوری تنصیب کے بعد استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری بیریسٹر سلطان محمود باجوہ نے مزید کہاپنجاب کے ہر شہری تک صاف پینے کا پانی پہنچانا وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے اور اس کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔