ہیومینٹی کیئر اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور ایل ڈبلیو ایم سی نے تحصیل شالیمار اور تحصیل سٹی سمیت شہر میں 15 پارکوں کی صفائی ستھرائی کو کامیابی سے مکمل کیا۔ یہ مشترکہ کوشش نہ صرف ان سبز جگہوں کی جمالیاتی کشش کو بڑھاتی ہے بلکہ رہائشیوں کے لیے ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کو بھی فروغ دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہیومینٹی کیئر اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کے اشتراک سے تحصیل شالیمار اور تحصیل سٹی سمیت شہر کی 15 پارکوں میں ہفتہ کے روز خصوصی صفائی مہم کااہتمام کیا گیا۔ مینیجر آپریشن ایل ڈبلیو ایم سی رائے شاہد کی سرپرستی میں پوری ٹیم نے شہر کی پارکوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے اور شہریوں کو ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے بھی پیغام دیا۔اس موقع پر صدر ہیومینیٹی کیئر اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن حمزہ لئیق بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا پارکوں کی اس خصوصی صفائی مہم کو مزید تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں گلیوں اور سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھیلانے کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے






