پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے چھتیسویں اجلاس میں روڈز سیکٹر کی 4ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 8 ارب 50کروڑ 71لاکھ 47ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع راولپنڈی تحصیل مری میں ایکسپریس وے پر بوسٹل موڑ سے راولپنڈی مری کشمیر روڈ تک روڈ کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 7کروڑ 71لاکھ 79ہزار روپے، قصور میں رائیونڈ تا پتوکی روڈ کی بحالی (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 18کروڑ 37لاکھ 88ہزار روپے، قصور میں چونیاں تا کھڈیاں روڈ کی مرمت و بحالی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 32کروڑ 21لاکھ 90ہزار روپے اور ملتان میں نادر آباد پھاٹک تا انڈسٹریل اسٹیٹ فلائی اوور کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 3 ارب 92کروڑ 39لاکھ 90ہزار روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔






