سندھ کے 26 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی خالی نشستوں پر انتخابات،پولنگ 14 نومبر کو ہوگی،سینکڑوں امیدوارمیدان میں آ گئے

سندھ کے26 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی مختلف کیٹگری کی 77 خالی نشستوں کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر سینکڑوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے ہیں ،امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق نے سندھ میں مختلف بلدیاتی اداروں کی مختلف کیٹگری کی 77 خالی نشستوں پر 14 نومبر کو ضمنی انتخابات ہونگے۔ خالی نشستوں میں سے 22 یوسی چیئرمین ، 15وائس چیئرمین ، 29وارڈ ممبرزاور11ممبرز ڈسٹرکٹ کونسل کی ہیں۔کراچی میں مجموعی طور پر 10 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونگے ۔ جن میں سے 4 چیئرمین ، 2 وائس چیئرمین اور 4 وارڈ کونسلر زکی نشستیں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ بھر میں یہ نشستیں منتخب نمائندوں کے انتقال یا استعفوں کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں۔انتخابی شیڈول کے مطابق 11 اکتوبر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی ، جبکہ پولنگ 14 نومبر کو ہوگی ۔ 14 سے 16 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال اور 17 اکتوبر کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے والے امیدواروں کی فہرست جاری ہوگی ، جبکہ 18 سے 21 اکتوبر تک منظور یا مسترد ہونے والے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں جمع اور 25 اکتوبر تک ان اپیلوں پر ٹربیونلز فیصلے کریں گے۔ 28 اکتوبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ شیڈول کے مطابق 29 اکتوبر کو امیدواروں نشانات الاٹ ہوں گے اور حتمی فہرست جاری ہوگی، 14 نومبر کو پولنگ ہوگی اور 16 نومبر کو نتائج کا اعلان ہوگا۔کراچی کے مختلف اضلاع کی 10 خالی نشستوں میں ضلع ملیر کے ملیر ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 9 میں چیئرمین ، ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں وارڈ نمبر 4 ، ضلع کورنگی کے کورنگی ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں وارڈ نمبر 1 ، ماڈل ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں چیئرمین ، لانڈھی ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 6 میں وائس چیئرمین ، ضلع غربی کے منگھو پیر ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 5 میں وارڈ نمبر4 ، ضلع جنوبی کے صدر ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 13 میں چیئرمین ، ضلع وسطی کے لیاقت آباد ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں چیئرمین ، گلبر ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 5 میں وائس چیئرمین اور ضلع کیماڑی کے بلدیہ ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 10 میں وارڈ نمبر 4 میں کونسلر کی نشست شامل ہے۔

جواب دیں

Back to top button