وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کا اجلاس منعقد ہوا ۔ لینڈ ریکارڈ اصلاحات کے سلسلے میں وزیراعلٰی کا ایک اہم اقدام،لینڈ ریکارڈز کے حصول کو آسان اور محفوظ بنانے کے لئے الیکٹرانک جائیداد کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ جائیداد کارڈ کا اجراء ابتدائی طور پر ضم اضلاع میں کیا جائے گا۔جائیداد کارڈ ای پاس بک کے طور پر کام کرے گا، شہری جائیداد کارڈ میں موجود کیو آر کوڈ اسمارٹ فون کے ذریعے اسکین کرکے اپنے تمام لینڈ ریکارڈ تک باآسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، اس مقصد کے لئے انہیں سروس ڈیلیوری سنٹر، پٹوار خانے یا کسی بھی دفتر کا چکر نہیں لگانا پڑے گا۔وزیر اعلٰی کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کارڈ میں موجود ہائی سکیورٹی فیچر کی بدولت زمینوں کے ریکارڈ میں ممکنہ جعل سازی کا موثر تدارک کیا جاسکے گا، اس کارڈ کے میں تمام اضلاع میں موجود ہر ایک شہری کی ملکیتی زمینوں کی تفصیلات درج کی جائیں گی، کارڈ میں درج تفصیلات کی تصدیق کے لئے موبائل ایپ کی سہولت فراہم ہوگی۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ الیکٹرانک جائیداد کارڈ کا اجراء ریونیو اصلاحات کے سلسلے میں صوبائی حکومت کا اہم اقدام ہے، صوبائی حکومت لینڈ ریکارڈ اصلاحات کے لئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عمل میں لا رہی ہے، اس طرح کے اقدامات سے لینڈ ریکارڈ کے جملہ امور میں شفافیت یقینی ہوگی۔اس کارڈ کے اجراء سے شہریوں مختلف قسم کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ جائیداد کی ملکیت سے متعلق تنازعات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، جائیداد کارڈ کے باضابطہ اجراء کا جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر مال کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔






