کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت انسداد سموگ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ماحولیات پنجاب راجہ جہانگیر انور نے خصوصی شرکت کی۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد نے فیوجیٹو ڈسٹ کنٹرول ایکشنز بارے کمشنر لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 25 اکتوبر سے بغیر کور کے ریت و مٹی کی ٹرالیوں کے لاہور شہر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے، لاہور میں روزانہ تقریبا 450 ریت و مٹی کی ٹرالیاں داخل ہوتی ہیں، چھے انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹس لگا دی گئی ہیں جہاں سے ریت و مٹی کی ٹرالیاں شہر میں داخل ہوتی ہیں، دوسرے اضلاع کے انسپیکٹر ماحولیات کی چھے پوائنٹس پر تین ہفتے کی روٹیشن پر ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں، ای پی اے اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں مشترکہ طور پر کاروائیاں کررہی ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے 6 چیک پوسٹس پوائنٹس کو مانیٹر کرایا جائے، بغیر کور ٹرالیوں سے گرنے والی ریت اور مٹی سموگ کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔ جس کا سوفیصد تدارک ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ ریت اور مٹی کی ٹرالیوں کی اوورلوڈنگ کیخلاف بھی ایکشن لیا جائے، اوورلوڈد گاڑیوں کا انجن دباو میں زیادہ دھواں دیتا ہے، ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمے محکمہ موحولیات کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔اجلاس میں
ایڈیشنل کمشنر حامد محمود ملہی، ڈی سی لاہور سید موسی رضا، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو، ڈی جی ماحولیات عمران حامد، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحبدین سمیت ماحولیات لیبز افسران نے شرکت کی۔