خیبر پختونخوا حکومت نے”میزبان“ کے نام سے ہوم اسٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی،علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس منعقد ہوا ۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ کا ایک اور بڑا اقدام۔ ”میزبان“ کے نام سے ہوم اسٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی. منصوبے کے باضابطہ اجراء کے لیے رواں سال 15 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت سیاحتی اضلاع میں گھروں میں سیاحوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے 30 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، ابتدائی طور پر یہ منصوبہ 395 ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ

سیاحوں کو اپنے گھروں کے احاطوں میں رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے خواہشمند افراد 2 کمرے تعمیر یا پہلے سے دستیاب کمروں کی تزین و آرائش کر سکیں گے، ان کمروں میں سیاحوں کے لئے واش رومز، کچن کے علاوہ دیگر تمام سہولیات دستیاب ہونگی۔ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ ضلع اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں شروع کیا جائے گا۔یہ قرضے بینک آف خیبر کے ذریعے تقسیم کئے جائیں گے، قرضوں کی واپسی کی مدت 5 سال ہوگی اور واپسی کا عمل قرضے لینے کے دوسرے سال سے شروع ہوگا۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ان مواقع کا موثر استعمال عمل میں لا کر نہ صرف صوبے کی آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ ہوم اسٹے ٹورازم صوبے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا بہترین منصوبہ ہے. اس منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے۔اگلے سیزن سے پہلے سیاحتی علاقوں کی شاہراہوں پر سیاحوں کے لئے واش رومز کی فراہمی کے منصوبے پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سیاحتی علاقوں میں قائم ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button