کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں پر کام کی پیشرفت اور درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں پر کام کی پیشرفت اور درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد،لیگل ایڈوائزر کمشنر کوئٹہ ایڈووکیٹ نور احمد کاکڑ،پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج رفیق بلوچ،ڈپٹی پی ڈی عابد محمود،ڈپٹی پی ڈی فلائی اوور پراجیکٹ کوئٹہ سلیم رازق،،کنٹریکٹرز اور بلڈرز سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔اجلاس میں زرغون روڈ، انسکمب روڈ فیز ٹو، سریاب سروس روڈ، سمنگلی روڈ، گاہی خان چوک انٹرچینج، اور کسٹم انٹرچینج سمیت دیگر جاری منصوبوں پر کام کی پیشرفت اور حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کوئٹہ میں ڈوپلیمنٹ پیکج کے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاہم یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی، گیس پائپ لائن، بجلی کے پولز، پی ٹی سی ایل کیبلز، اے جی آفس پارکنگ، محکمہ صحت کے ملازمین کے مکانات کی منتقلی اور لینڈ ایکوزیشن جیسے امور میں پیچیدگیاں درپیش ہیں جن کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر کوآرڈینیشن ناگزیر ہے۔

کمشنر شازیب خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج شہر کی ترقی اور خوبصورتی کا ضامن منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے ٹریفک مسائل میں کمی اور شہری سہولیات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام یوٹیلٹی سروسز فراہم کرنے والے ادارے کیسکو، ایس ایس جی سی، پی ٹی سی ایل اور دیگر، منصوبوں میں مکمل تعاون یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سریاب سروس روڈ کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کر کے منصوبہ دسمبر 2025 تک مکمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی فوری درستگی اور گاہی خان چوک پر ملبے کی صفائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ کوئٹہ ڈیولپمنٹ پراجیکٹ حکومت بلوچستان کے اسٹریٹجک پلان کا حصہ ہے، جس پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ لہٰذا کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی اور تمام ادارے مل کر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو منصوبے پر کام کی پیش رفت اور حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلاً بریفنگ دی گئی۔

جواب دیں

Back to top button