وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق چین کا سہ روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر بلدیات 11 نومبر سے 13 نومبر تک چین کے صوبہ سیچوان کا دورہ کریں گے۔ اس ضمن میں سول سیکرٹریٹ میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس کے دوران دورے کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔ پنجاب اور سیچوان کو 2006 میں برادر صوبہ قرار دیا گیا تھا۔ ذیشان رفیق سیچوان کے دارالحکومت چینگ ڈو میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں پنجاب کی نمائندگی کرینگے۔ اس کانفرنس میں 30 ممالک کے 300 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر بلدیات اپنے دورے میں سیچوان کے صوبائی سیکرٹری پارٹی کمیٹی وینگ چیائو ہوئی اور گورنر سیچوان کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے جس میں دونوں ملکوں بالخصوص پنجاب اور سیچوان کے مابین دوستانہ تعلقات میں فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا کہ وہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے عوام دوست منصوبوں پر روشنی ڈالیں گے۔ دورہ چین میں ویسٹ سے توانائی بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا کیونکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت 200 کے قریب ڈمپنگ سائٹس بن رہی ہیں۔ کوڑے کو بروئے کار لاکر مالی وسائل میں کروڑوں روپے کی ںچت ممکن ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ سیچوان چین کا ٹیکنالوجی میں ترقی کرنے والا اہم ترین صوبہ ہے۔ اس دورے میں سیچوان کے تجربے سے پنجاب کو فائدہ پہنچانے کا بھی جائزہ لیں گے۔
اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ سیچوان چین کا زرعی پیداوار کے لحاظ سے سب بڑا صوبہ ہے۔ چین کی زراعتی شعبے میں کامیابیوں کا مطالعہ کرنا ضروری ہے تاکہ اس سے پنجاب کو بھی فائدہ پہنچ سکے۔ اسی لئے اپنے دورے میں سیچوان کی زرعی تنصیبات کا بھی دورہ کریں گے۔
اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت آئوٹ سورسنگ پروگرام کی لانچنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او بابر صاحب دین نے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ آئوٹ سورسنگ ماڈل سے پہلے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کے انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی بیرون ملک دورے سے واپسی کے بعد لانچنگ کی تقریب ہوگی۔