ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی (DDC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمانڈر 87 ونگ شاہد بلال اور دیگر ممبران نےشرکت کی۔اجلاس کا مقصد ضلع میں جاری BSDI اسکیمز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے اب تک کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ جاری اسکیمز کے کام میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہر محکمہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام BSDI اسکیمز پر دن رات کام کرے اور یقینی بنائے کہ منصوبے معیاری اور مقررہ وقت میں مکمل ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام محکمے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ ضلع بھر میں ترقیاتی عمل میں تیزی لائی جا سکے۔






