بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ قانون کے زیرِ اہتمام ”آگاہی“ کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، اس ورکشاپ کا مقصد مختلف محکموں کے سربراہان اور نامزد فوکل پرسنز کو قانونی امور، عدالتی کارروائیوں میں درپیش مشکلات اور ان کے مؤثر حل سے آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ بین المحکمانہ روابط کو مضبوط اور بہتر بنایا جا سکے،ورکشاپ کے ایم سی بلڈنگ کے تاریخی کونسل ہال میں منعقد ہوئی، اس تقریب میں معزز مہمانانِ خصوصی جسٹس ندیم اظہر صدیقی (ہائیکورٹ)، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جسٹس عبید حمزہ اور چیف قاصد محمد یوسف نے شرکت کی، ان کے علاوہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے افسران، قانونی ماہرین اور فوکل پرسنز بھی موجود تھے، ورکشاپ کے دوران عدالتوں میں زیرِالتوا مقدمات، قانونی پیچیدگیاں، دستاویزی خامیاں اور مقدمات کے بروقت حل میں حائل رکاوٹوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی، مقررین نے عدالتی نظام میں بلدیاتی اداروں کے کردار، پیشہ ورانہ رویوں کی اہمیت اور قانونی آگاہی کی ضرورت پر زور دیا، مقررین نے اپنے خطاب میں واضح طور پر اس امر کی نشاندہی کی کہ معزز عدالتوں کی جانب سے موصول ہونے والے احکامات کا جواب فوری طور پر دیا جانا چاہیے،
کسی بھی قسم کی تاخیر، سستی یا ٹال مٹول نہ صرف ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے بلکہ قانونی پیچیدگیوں اور توہینِ عدالت جیسے سنگین نتائج کا سبب بھی بن سکتی ہے، اس سلسلے میں تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ عدالتی احکامات کو اولین ترجیح دیں اور بروقت و مکمل جواب دہی کو یقینی بنائیں،ورکشاپ کے شرکاء کو مختلف کیس اسٹڈیز، عدالتی نظائر اور محکمانہ ریکارڈ کی تیاری سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی، اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے اپنی آراء، تجربات اور مسائل پیش کیے جن پر ماہرین نے تفصیلی جوابات دیئے، اختتامی خطاب میں قانون کی حکمرانی، شفافیت اور محکموں کے درمیان مربوط تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا، محکمہ قانون کے افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی ورکشاپس کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ بلدیاتی ادارے قانونی محاذ پر مزید مضبوط اور مؤثر ہو سکیں۔






