پشاور کے ویلیج و نیبر ہڈ سیکرٹریوں کے لیے مطالعاتی امتحان کے انعقاد کا فیصلہ

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی تحصیل حسن خیل پشاور کی جانب سے ضلع پشاور کے تمام ویلیج و نیبرہڈ کونسل سیکرٹریوں کے لیے ’’مطالعاتی امتحان‘‘ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سیکرٹریوں کی بلدیاتی نظام سے متعلق معلومات میں اضافہ، قواعد و ضوابط کی بہتر تفہیم، اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات و دیہی ترقی تحصیل حسن خیل ملک ارشد خان نے ایک تحریری مراسلے کے ذریعے تمام ویلیج و نیبرہڈ سیکرٹریوں کو مطلع کیا ہے کہ

وہ اس مطالعاتی امتحان میں لازمی حصہ لیں تاکہ وہ اپنی بنیادی ذمہ داریوں، لوکل گورنمنٹ ایکٹ، رولز آف بزنس، سی آر وی ایس رولز 2021، ترقیاتی امور، مالیاتی ضوابط اور دیگر متعلقہ قوانین سے مکمل واقفیت حاصل کر سکیں۔مراسلے کے مطابق یہ امتحان اس مقصد کے تحت ترتیب دیا گیا ہے کہ سیکرٹری حضرات بلدیاتی نظام کے تحت درکار تمام قواعد و ضوابط کا باقاعدہ مطالعہ کریں، اپنی انتظامی و فنی صلاحیتوں میں بہتری لائیں اور مقامی سطح پر عوام کو زیادہ معیاری، مؤثر اور شفاف خدمات فراہم کر سکیں۔امتحان میں شرکت کے خواہشمند سیکرٹری 10 دسمبر 2025 تک اپنی رجسٹریشن مکمل کروا سکتے ہیں، جبکہ تحریری امتحان اور انٹرویو کی تاریخوں کا اعلان 15 دسمبر 2025 کو کیا جائے گا۔ملک ارشد خان کے مطابق اس مطالعاتی مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے سیکرٹریوں کو نقد انعامات، تعریفی اسناد اور خصوصی اعزازات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف سیکرٹریوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں اضافہ کرے گا بلکہ مقامی حکومت کے نظام کو فعال اور مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام ویلیج و نیبرہوڈ کونسل سیکرٹری اس اہم تعلیمی و تربیتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید بہتر بنائیں گے

جواب دیں

Back to top button