پنجاب کے 50 شہروں میں سیوریج اور بارشی پانی نکاسی نظام ،ماسٹر پلاننگ منصوبے کی منظوری،پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی اس منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرے گی

پنجاب بھر میں شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر، صوبائی کابینہ نے پنجاب کے 50 شہروں میں سیوریج اوربارشی/ طوفانی پانی کے نکاسی کی سہولیات کے فزیبلٹی اسٹڈی اور ڈیزائن کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کی مالیت 1100 ملین روپے ہے۔ 19ویں کابینہ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، شکیل احمد میاں نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ چند سالوں میں پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی اور نکاسی پر مناسب توجہ نہیں دی گئی، جس کے نتیجے میں عوامی صحت کے مسائل، ماحولیاتی خطرات اور آلودہ پانی جیسے مسائل پیدا ہوئے ہیں، جو انسانی اور آبی حیات کے لیے نقصان دہ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) کے ذریعے فزیبلٹی اسٹڈیز اور ڈیٹیلڈ انجینئرنگ ڈیزائنز (DEDs) تیار کی جائیں، جن میں PC-I بھی شامل ہوں، تاکہ ان مسائل کے شکار شہروں میں سیوریج اور طوفانی پانی کے نکاسی کے جامع حل فراہم کیے جا سکیں۔

کابینہ کے منظور کردہ اس منصوبے میں ہر شہر کی مخصوص ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سٹڈیز اور سروے کئے جائیں گے۔ منصوبے کے اہم اجزاء میں تفصیلی ٹوپوگرافک اور جی آئی ایس میپنگ سروے، جیوتکنیکی اور ماحولیاتی اثرات کے جائزے، موسمیاتی خطرات کی حساسیت کے مطالعات، فزیبلٹی اسٹڈیز، تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائنز اور لاگت کا تخمینہ شامل ہیں۔ مزید برآں، اس منصوبے میں آپریشنز اور دیکھ بھال کے لیے ایک فریم ورک بھی شامل ہوگا، جو منصوبے کی طویل مدتی ورکنگ کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہروں میں میونسپل سروسز کی سہولیات میں بہتری ہے جو معاشی ترقی، پیداواری صلاحیت، اور معیار زندگی کو فروغ دیں۔

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی اس منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرے گی، جو ناکافی سیوریج اور طوفانی پانی کے نکاسی کے نظام کی وجہ سے صوبے میں بڑھتے ہوئے ماحولیاتی اور صحت کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button