سیالکوٹ کا مظفر پور پھاٹک فلائی اوور 14 اگست تک مکمل کرلیا جائیگا،ذیشان رفیق کی ڈپٹی کمشنر آفس میں سیالکوٹ شہر میں پیسپ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں گفتگو

 

صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے مظفر پور پھاٹک پر 2 ارب روپے کی لاگت سے فلائی اوور 14 اگست 2024 تک مکمل کرلیا اور ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے، اسی طرح پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں سیوریج، واٹر سپلائی، فلٹریشن پلانٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، پارکس اور واٹر سپلائی کے گھروں کو کنکشن کے منصوبے کی رواں سال کے آخر تک تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں سیالکوٹ شہر میں پیسپ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے دوران بتائی۔ اراکان صوبائی اسمبلی محمد منشا اللہ بٹ اور فیصل اکرام، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے پیسپ حکام کو ہدایت کی کہ کشمیر روڈ پر چوک لاری اڈہ اور کوٹلی بہرام پر مجوزہ فلائی اوور کا ڈیزائن اور ڈرائنگ 2 ماہ کے اندر بنا کر دیں اور اس منصوبے کا سیمولیشن ماڈل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت 36 ہزار 700 گھروں کو تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ پیسپ کے تحت سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کو آپریٹ کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرز کا ایگریمنٹ کیا جائے گا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے ریسٹ ہاؤس میں عوامی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ضروری احکامات جاری کئے۔

جواب دیں

Back to top button