*پنجاب کے 44 میونسپل اداروں میں "خاتون سہولت مراکز” قائم، 12میونسپل کاپوریشنز،32 میونسپل کمیٹیاں شامل*

پنجاب بھر میں خاتون سہولت ڈیسکوں کا قیام دراصل خواتین کی گورنینس میں شمولیت بڑھانےکی عملی کوشش ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے دسمبر 2024 کو جاری کردہ ڈائریکٹو کے تحت مجموعی طور پر پنجاب کے 44 میونسپل اداروں میں "خاتون سہولت مراکز” قائم ہو چکے ہیں جن میں بارہ میونسپل کاپوریشنز جبکہ 32 میونسپل کمیٹیاں شامل ہیں۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پنجاب کے متذکرہ حکمنامے کے تحت سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن ان تمام خاتون سہولت مراکز کے سٹاف کو تربیتی و سہلکاری کی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ تفصیل کے مطابق سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے مارچ 2022 میں پائلٹ پروجیکٹ "بولو اور بڑھو” کے تحت پنجاب کے چار میونسپل اداروں میں میں خاتون سہولت مراکز قائم کرنے کا ابتدائی تجربہ کیا، جن میں شیخوپورہ ، منڈی بہاؤالدین، گوجرہ اور کبیر والہ شامل تھے۔ پروجیکٹ کے توسیعی فیز میں لاہورمیں رائیونڈ بعد ازاں شالیمار ذونل آفس اور کھیوڑہ میں مزید دو خاتون سہولت مراکز قائم ہوئے۔خواتین کی کثیر تعداد نے ان خاتون سہولت مراکز میں شکایات درج کروائیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پائلٹ و توسیعی پروجیکٹ میں جرمن حکومت کے ادارے جی آئی زیڈ کی مدد حاصل رہی۔ سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے توسیعی پروجیکٹ کے دوران میونسپل سروسز کے تناظر میں خاتون سہولت مراکز کی افادیت بارے ایک اسٹڈی کا انعقاد کروایا۔ اس تحقیق کے نتائج کو ابتدائی طور پر سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے سامنے پیش گیا گیا جس کے نتیجے میں بعد ازاں محکمہ جاتی حکمنامہ جاری ہوا جس کے تحت پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر کے میونسپل اداروں میں "خاتون سہولت ڈیسکوں” کے قیام و "خواتین کھلی کچہریوں” کے انعقاد کےلئے متعلقہ چیف آفیسرز کو پابند کیا گیا ۔ اس حکمنامے پر عملدرآمد اور کارکردگی جانچنے کےلئے ڈائریکٹر (ڈیٹا کولیکشن) پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کا بطور فوکل پرسن تقرر کیا گیا ہے۔ نامزد فوکل پرسن جناب چوہدری فرمائش علی، ڈائریکٹر (ڈیٹا کولیشن) پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کی نگرانی اور مسلسل فالو اپ کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جولائی 2025 کے دوران قائم شدہ "خاتون سہولت ڈیسکوں” کے افتتاح کی تقاریب منعقد ہونگی جن میں ڈپٹی کمشنرز / اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن ان تمام خاتون سہولت مراکز کے سٹاف کو جہاں ٹریننگ فراہم رہی ہے وہیں "نیٹ ورک آف خاتون سہولت مراکز پنجاب” کی تشکیل، فعالیت بڑھانے اور یکسانیت قائم کرنے کےلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سوشل میڈیا کی اہمیت و افادیت کے پیشِ نظرہر "خاتون سہولت ڈیسک” کا فیس بک پر پیج تشکیل دیا گیا جہاں روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی معہ تصاویر، اخباری تراشوں کو بذریعہ فوکل پرسن اپلوڈ کیا جائے گا تا کہ ان ڈیسکوں کی کارکردگی عوام کے سامنے آتی رہے۔ اسی تناظر میں "خاتون سہولت مراکز ” میں خدمات کی فراہمی کو اسٹیک ہولڈرز کے مابین نمایاں کرنے کےلئے پہلا ماہانہ الیکٹرانک بلٹن 30 جون کو جاری کر دیا گیا ہے۔ خاتون سہولت ڈیسک کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین کو میونسپل سروسز کے حوالے سے مقامی مسائل کی نشاندہی میں شامل کرنا ہے۔ خاتون سہولت ڈیسک میں خواتین میونسپل مسائل کی نشاندہی کر سکتی ہیں، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ خاتون سہولت ڈیسک میں میونسل خدمات بارے مثلاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسیِ آب/سیوریج کا بہتر نظام، کوڑا کرکٹ اٹھانا و ٹھکانے لگانا، گلیوں اور نالیوں کی پختگی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، تجاوزات کا خاتمہ، فراہمیِ مذبح خانہ، وبائی امراض، آوارہ کتوں کا خاتمہ، پیدائش اور اموات کا اندرج، شادی اور طلاق کی رجسٹریشن کے علاوہ عوامی تہوار، ثقافتی سرگرمیوں کا فروغ، مقامی کھیلوں کا فر وغ، عوامی پارکوں کی دیکھ بھال، رہائشی، کاروباری عمارتوں کے نقشوں کی منظوری، زمین کے استعمال کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ درج ذیل میونسپل کارپوریشز بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، سیالکوٹ، شیخوپورہ، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، مری، ملتان میں خاتون سہولت ڈیسک قائم ہو گئے ہیں جبکہ درج ذیل میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز نے نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے ہیں جن میں اٹک، بہاولنگر، بھکر، چکوال، چنیوٹ، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، قصور، خانیوال، خوشاب، کبیر والہ، کوٹ ادو، کھیوڑہ، گوجرہ، لیہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، مظفر گڑھ، ننکانہ صاحب، ناروال، اوکاڑہ، پاکپتن، رحیم یار خان، شالیمار ذونل آفس، لاہور، راجن پور، تلہ کنگ، تونسہ شریف، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی اور وزیر آباد شامل ہیں۔

جواب دیں

Back to top button