*وفاقی محتسب نے ای او بی آ ئی سےنان رجسٹرڈ کمپنیوں کی تفصیلا ت ما نگ لیں*

وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے ایمپلا ئز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن(EOBI) کے خلا ف بڑ ی تعداد میں شکایات کا جائزہ لینے کے لئے سینئر ایڈوائزر احمد فاروق کی سر براہی میں ایک معائنہ ٹیم گزشتہ روز ای او بی آئی کے علا قائی دفتر، اسلام آ باد بھیجی۔ ٹیم میں وفاقی محتسب کے رجسٹرار محمد ثاقب خان، کنسلٹنٹ خالد سیال، انو سٹی گیشن آفیسر جمیل احمد اور اے ایل او اعجاز حسین شامل تھے۔وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر نے معائنہ کے دوران ای او بی آ ئی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں سروے کر کے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ دے کہ پاکستان میں کتنی کمپنیاں ہیں جنہیں ای او بی آ ئی کے قانون کے مطا بق رجسٹر ڈ ہونا چا ہئیے اور ان کی رجسٹریشن نہیں کرا ئی گئی۔ رجسٹر یشن نہ کرانے والے اداروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آ ئی کے رجسٹر ڈ ملا زمین اور پنشنرز کے حقو ق کا تحفظ ضروری ہے۔ٹیم نے ای او بی آئی کو سوالات کی ایک فہرست بھی دی جن کے تفصیلی جوابات ایک ہفتے کے اندر دینے کی ہدایت کی۔ معا ئنہ ٹیم نے وفاقی محتسب کی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کا جا ئزہ بھی لیا۔ معائنہ ٹیم کو ای او بی آ ئی کی بر یفنگ کے دوران بتا یا گیا کہ جس پرائیویٹ کمپنی میں دس یا اس سے زیادہ ملازم کام کررہے ہوں ان کی رجسٹر یشن ضروری ہے، اس وقت ای او بی آ ئی کے پاس رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 155,888 ہے جب کہ رجسٹرڈ ملازمین کی تعداد ایک کروڑ 15 لاکھ 55 ہزار 309 ہے۔ سب سے بڑی رجسٹرڈ کمپنی پی ٹی سی ایل ہے۔ فی الحال ای او بی آ ئی کے پنشنرز کی تعداد 8 لاکھ 2ہزار 388 ہے، جنہیں دس ہزار سے34ہزار روپے ماہانہ پنشن دی جارہی ہے ۔

جواب دیں

Back to top button