صوبائی محتسب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ سال 2023 کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

دفتر محتسب پنجاب میں 2023 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فئیرگروپ کے دانشور، ماہر تعلیم، اینکرپرسنز، کالم نگار اور تجزیہ کاروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محتسب پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان خان نے سالانہ رپورٹ کا تقابلی جائزہ پیش کیا اور محکمہ پولیس، لوکل گورنمنٹ اورمحکمہ ایجوکیشن سے متعلق شکایات کے ازالے سے متعلق اعداد و شمارپیش کئے۔

محتسب پنجاب نے بتایا کہ عوامی شکایات پر موثرکارروائی کے نتیجے میں شکایت کنندگان اور حکومت کو مجموعی طور پر 22.504 بلین روپے کا ریلیف ملاجس میں سے 15.834 بلین روپے مالیت کی 26229کنال سرکاری اور نجی اراضی کو واگزار کروایا گیا جبکہ شکایت کنندگان کو حاصل ہونے والے مالی ریلیف کی کل مالیت 6.669 بلین رو پے ہے۔محتسب پنجاب نے بتایا کہ 2023 میں موصولہ اور نمٹائی جانے والی شکایات کی تعدادگزشتہ کسی بھی سال کی شکایات کی تعداد سے زیادہ ہے جو دفتر محتسب پنجاب پر عوام کے بڑھتے اعتماد کا ثبوت ہے۔

محتسب پنجاب نے کہا کہ 2023 میں پولیس کے خلاف7212،لوکل گورنمنٹ 5980،ریونیو 5678، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر 2531، سکول ایجوکیشن1961 اورڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے خلاف 1563 شکایات موصول ہوئیں۔ دریں اثنا محتسب آفس کے حکم پر 2023 میں 119 سائلین کو پنجاب سول سرونٹس (تقرری و شرائط ملازمت)رولز مجریہ 1974 کے قاعدہ 17 اے کے تحت سرکاری محکموں میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔

محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان نے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزارکرانے کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ انکے دور میں عوام آگاہی مہم کے نتیجے میں موصولہ شکایات میں ریکارڈ اضافہ ہوااور ان شکایات کا ازالہ 45 سے 60 دن میں کیا گیا۔ ان شکایات کو نمٹانے کی شرح 100 فیصد رہی جبکہ شکایات پر عملدرآمد 95 فیصدتک رہا جوکہ مثالی اقدام ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے دفتر محتسب پنجاب کی اعلی کارکردگی کو سراہا –

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button