وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ کوڑے کی ری سائیکلنگ ماحولیاتی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگی۔ ویسٹ ٹو انرجی پلانٹس لگانے کے لئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ وہ اپنے آفس میں ایک اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے جس میں کوڑے کی ری سائیکلنگ سے متعلق تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔ چائنیز بزنس کونسل کے صدر چن چیان جیانگ اور ایم پی اے آغا علی حیدر نے بھی شرکت کی۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے لاہور میں ویسٹ کی تفصیل پر پریذینٹیشن پیش کی جبکہ چینی وفد نے ویسٹ سے عمارتی اینٹیں بنانے پر اپنی کمپنی کی مہارت سے آگاہ کیا۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت ویسٹ ری سائیکلنگ کیلئے پلانٹ لگانے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یومیہ 60 ہزار ٹن سے زائد ویسٹ پیدا ہوتا ہے۔ صرف لاہور میں ہر روز چار سے پانچ ہزار ٹن کوڑا جمع ہوتا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز آلودگی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے ہر مثبت تجویز پر غور کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ چینی کمپنی کا منصوبہ آلودگی اور شور سے پاک ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ لاہور سمیت بڑے شہروں کے قریب ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ لگانے کے لئے اقدامات ضروری ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کا اگلا مرحلہ ویسٹ کی محفوظ ڈمپنگ اور ری سائیکلنگ ہے۔ وزیر بلدیات نے ایل ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین کو ہدایت کی کہ وہ چینی وفد کے ساتھ ملاقات کر کے کوڑے کی ری سائیکلنگ پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔