وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا برشور میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے برشور میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، کیونکہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار ہے اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے وہ اور پوری قوم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پاک فوج اور سپہ سالار سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے خلاف پراپیگنڈا کرنے والے آج بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بندوق کے نظریے کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا اور عوام کی خدمت سے کوئی طاقت انہیں روک نہیں سکتی۔سیکیورٹی اداروں کی جانب سے خطرات سے آگاہی کے باوجود سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ عوام میں موجود ہیں کیونکہ وہ خود کو عوام کا خادم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے برشور کے عوام کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے متعدد ترقیاتی اقدامات کا اعلان بھی کیا، جن میں برشور گریڈ اسٹیشن کی جلد فعالی، کولڈ اسٹوریج کی تعمیر، 50 لیویز اہلکاروں کی بھرتی، اور پشین میں غیر فعال اسکولوں کی بحالی شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے شہداء کے بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ انہیں معیاری اداروں میں تعلیم دلوائیں گے۔ انہوں نے پشین لیویز تھانے کو شہید حنیف کے نام سے منسوب کرنے اور توبہ کاکڑی میں گرلز کالج و اسپتال کے قیام کا بھی اعلان کیا۔غیر قانونی مائننگ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اسفند یار کاکڑ کو عوامی نمائندہ قرار دیا اور مغوی مصور کاکڑ کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی عالمی سطح پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی کو سراہتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم پہلے بھی اکھٹے تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ اکھٹے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت پوری لگن اور نیک نیتی سے جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

Back to top button