پاکستان کی پہلی ای رجسٹریشن ایپ لانچ،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نےافتتاح کیا،پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا آن لائن اندراج ہوسکے گا

پنجاب میں وزیراعلٰی مریم نواز حکومت نے ایک اور تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے پاکستان کی پہلی ای رجسٹریشن سہولت کا آغاز کردیا ہے۔ محکمہ بلدیات پنجاب نے نادرا کے اشتراک سے سول رجسڑیشن مینجمنٹ سسٹم (سی آر ایم ایس) ایپ لانچ کر دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ایک تقریب کے دوران ای رجسٹریشن ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سی او او نادرا سید عبدالسلام، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، ڈی جی نادرا پنجاب مسز فضہ شاہد اور ڈی جی لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان بھی موجود تھے۔ ای رجسٹریشن ایپ کے ذریعے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا آن لائن اندراج ہوسکے گا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی آر ایم ایس ایپ وزیراعلی کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے۔ شہریوں کو گھر بیٹھے اندراج کی ای رجسٹریشن کی سہولت میسر آ گئی ہے۔ نادرا ڈیٹا سسٹم کے ساتھ لنک ہونے سے خودبخود وہاں بھی اندراج ہو جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اس حوالے سے محکمہ بلدیات اور نادرا میں ای رجسٹریشن کا معاہدہ طے پایا تھا۔ خوشی ہے کہ چند ماہ کے اندر منفرد فیچرز کی حامل ایپ تیار کر لی گئی جس میں پیدائش، موت، شادی یا طلاق کا سرٹیفیکیٹ بھی مل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ترقی یافتہ ممالک کے برابر چل رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شادی، اموات، پیدائش، طلاق کا شفاف انداز میں اندراج کرنے سے درست ڈیٹا جمع ہوگا۔ یہ سسٹم پنجاب بھر میں یونین کونسل کی سطح تک منسلک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی آئی ٹی کی صدی ہے اور ہر شعبہ ڈیجیٹل ہو رہا ہے۔ نادرا کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔ شہریوں کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ دورافتادہ علاقوں میں نادرا کی طرز پر رجسٹریشن کیلئے موبائل سروس شروع کریں گے۔

حکومت شہریوں کا انتظار کرنے کی بجائے خود ان تک پہنچے گی۔ عوامی خدمت میں پنجاب نے رول ماڈل بن کر دکھایا ہے۔تقریب سے خطاب میں نادرا کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید عبدالسلام نے چیئرمین نادرا کی طرف سے اعلان کیا کہ

ای رجسٹریشن کرانے والوں کو خودبخود فارم ب کا نمبر الاٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ایپ میں برتھ اور ڈیتھ نوٹیفکیشن کا ٹُول بھی شامل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی اس سسٹم سے منسلک کیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ایپ سے آگاہی کیلئے بھرپور عوامی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم سے شہریوں کیلئے گھر بیٹھے سہولت فراہم کر دی گئی۔ دفاتر کے چکر لگانے اور تاخیر کی زحمت سے نجات ملے گی۔

جواب دیں

Back to top button