پنجاب کی تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی رینکنگ کا فیصلہ،ایس او پیز جاری،ریکوری فوکس،ذیشان رفیق کی صدارت اجلاس

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے پنجاب کی تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں (ڈبلیو ایم سیز) کی رینکنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کی بنیاد پر رینکنگ کیلئے ایس او پیز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ پیشرفت وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران سامنے آئی جس میں تمام کمپنیوں کے سی ای اوز نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، وزیراعلٰی کے فوکل پرسن برائے ستھرا پنجاب پروگرام عاصم محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے دس ڈبلیو ایم سیز کے آپریشنز اور اہداف کا الگ الگ جائزہ لیا۔صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کا سہرا ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سر ہے تاہم انہوں نے زور دیا کہ وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کے تحت شروع ہونے والے خطے کے اس بہترین منصوبے کے سو فیصد اہداف کا حصول نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں کے کمرشل علاقوں میں ڈبل شفٹ لازمی شروع کی جائے تاکہ کوڑا کرکٹ زیادہ دیر جمع نہ رہے۔ تمام سی ای اوز اپنے علاقوں کے باقاعدگی کے ساتھ دورے کریں۔ کنٹریکٹرز کی مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے۔ ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حالیہ سیلاب کے دوران ستھرا پنجاب ٹیم کا کردار نہایت قابل تحسین رہا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیلابی علاقوں میں ریسکیو کا کام کرنے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ خدمت خلق کے جذبے کو مزید تقویت مل سکے۔ ہر ڈبلیو ایم سی کی پریذنٹیشن کے بعد وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں پر بھی شہروں جیسی توجہ دینا ہوگی۔ ڈبلیو ایم سیز ریکوری کے اہداف پر بھی توجہ دیں کیونکہ رینکنگ کے تعین کے لئے ریکوری کو ایس او پیز میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مکمل طور پر ڈیجیٹائز پروگرام ہے۔ تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کی جائیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے سی ای اوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی جگہ ہیومن ریسورسز اور مشینری کی کمی ہو تو محکمے کو بتایا جائے۔ شہریوں کی سہولت کے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ اجلاس کے دوران کل (20 ستمبر) سول سیکرٹریٹ میں سی ای اوز اور کنٹریکٹرز کی مشترکہ کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button