وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی عملی تکمیل اور محرم الحرام کے دوران مثالی امن و امان کے ساتھ ساتھ جدید ترین انفراسٹرکچر کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور پوری تندہی سے سرگرم عمل ہے۔ اسی عزم کے تسلسل میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر واہگہ حافظ ذیشان منظور کے ہمراہ تحصیل واہگہ کے علاقے اتوکے اعوان کا فیلڈ دورہ کیا، جہاں انہوں نے عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (LDP) کے تحت جاری ترقیاتی کاموں اور ستھرا پنجاب مہم کے انتظامی امور کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر واہگہ اور جلوس کے منتظمین نے ڈپٹی کمشنر کو روایتی و غیر رویتی روٹس، متوقع شرکاء کی تعداد اور سیکیورٹی کے فول پروف پلان پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے موقع پر احکامات جاری کیے کہ اتوکے اعوان روٹ پر روڈ پیچ ورک کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور تمام عارضی و مستقل تجاوزات سمیت ہر قسم کی رکاوٹوں کو فی الفور ہٹایا جائے تاکہ عزاداروں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ ڈپٹی کمشنر نے بجلی کی لٹکتی تاروں کے خاتمے کے لیے لیسکو حکام کے اشتراک سے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور عاشورہ روٹ پر فرسٹ ایڈ میڈیکل کیمپس کے قیام سمیت سبیلوں پر شہریوں کے لیے فلٹر شدہ پانی اور معیاری مشروبات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کچی اور ٹوٹی پھوٹی گلیوں کی پختہ و معیاری تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور کچی گلیوں کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان اسکیموں میں کسی قسم کی تاخیر یا تعمیراتی معیار پر معمولی سمجھوتہ بھی ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ "ستھرا پنجاب” مہم کے حوالے سے تحصیل بھر میں جاری خصوصی صفائی آپریشن اور عاشورہ روٹس پر نالوں کی صفائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی لاہور نے ہدایت کی کہ ہر شہری کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کا بنیادی فرض ہے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ عاشورہ جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام ہی امن کی پائیدار بنیاد ہے، اس لیے کسی بھی شرپسند یا امن دشمن عنصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
Read Next
4 گھنٹے ago
زائرین کو بہترین صفائی سہولیات فراہمی کیلئےسی ای او شہریار عارف خان خود افسران کے ہمراہ فیلڈ میں متحرک رہے
1 دن ago
ایم سی ایل شعبہ ریگولیشن کا سروسز ہسپتال میں بڑا آپریشن،تجاوزات کے ساتھ قبضہ گروپوں کا بھی صفایا
1 دن ago
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان فیلڈ میں متحرک،شالیمار ٹاؤن میں صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ
1 دن ago
کمشنر نعمان یوسف کا نکاسی آب آپریشن و ایریاز کلیرنس جائزہ کے لئے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ
3 دن ago






